وزیر اطلاعات ہیلی کاپٹر کے 55 روپے فی کلو میٹر خرچ کے دعوے پر قائم

Fawad Chaudhary

Fawad Chaudhary

+++

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کی 5 کروڑ روپے والی گاڑی 6 کروڑ میں نیلام کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری ہیلی کاپٹر کے 55 روپے فی کلو میٹر خرچ کے دعوے پر اب بھی قائم ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کمپنی کا مینوئل دیکھیں تو فی کلو میٹر فیول خرچ 55 روپے ہی بنتا ہے لیکن اس میں پائلٹ اور ہیلی کاپٹرکے دیگر اخراجات شامل نہیں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ جو لوگ ہیلی کاپٹر فیول سے متعلق باتیں کر رہے وہ کبھی رکشہ میں بھی نہیں بیٹھے۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم ہاؤس میں 200 سے زائد گاڑیاں اضافی رکھی گئیں اور غیر ضروری گاڑیوں کو نیلام کیا جا رہا ہے۔

پانچ کروڑ کی گاڑی کم قیمت پر نیلامی کرنے سے قومی خزانے کو نقصان سے متعلق سوال پر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ 5 کروڑ کی گاڑی 6 کروڑ میں بیچیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی مہمانوں کی آپ کو بہت فکر ہے لیکن پہلے اپنے عوام کا حال دیکھیں، مودی یا پاکستان آنے والی کسی بھی غیر ملکی شخصیت کی عام گاڑی میں بیٹھنے سے شان میں کمی نہیں آئے گی۔

یاد رہے کہ وزیراعظم نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت اضافی گاڑیوں کی نیلامی کا حکم دیا ہے جس کے بعد حکومت کی جانب سے مجموعی طور پر 33 گاڑیاں نیلام کرنے کے لیے اشتہار جاری کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیلامی کے لیے پیش گاڑیوں میں 8 جدید لگژری بی ایم ڈبلیو اور 4 جدید مرسیڈیز بینز گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ نیلام کی جانے والی گاڑیوں میں 16 ٹویوٹا کرولا، 3 سوزوکی، ایک ہنڈا اور ایک ایچ ٹی وی گاڑی بھی شامل ہے۔