ووٹ ڈالنے کے لیے اورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن شروع

Overseas Pakistanis Registration

Overseas Pakistanis Registration

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کے لئے ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لئے اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمشن ندیم قاسم نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے شروع ہو رہی ہے جو 15 ستمبر تک جاری رہے گی۔

ووٹرز رجسٹریشن کا آن لائن سسٹم نادرا کی مدد سے قائم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی حلقوں میں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں اس سلسلہ میں تمام معلومات اوورسیز پاکستانی ویب سائٹ پر دیکھ سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن کے بعد انتخابی فہرستیں ریٹرننگ افسران کو دی جائیں گی۔ بیرون ملک پاکستانی پاسپورٹ کے ذریعے ووٹ ڈال سکیں گے ۔ ووٹر کی سہولت کے لئے نادرا کی مدد سے ویڈیو بھی تیار کی گئی ہے۔ ویڈیو کے ذریعے ووٹرز کو آن لائن ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بتایا گیا ہے ۔

ترجمان نے بتایا کہ رجسٹرڈ ووٹر کی لسٹ ریٹرنگ افسران کو دی جائے گی۔ صرف رجسٹرڈ ووٹرز ہی ووٹ کاسٹ کریں گے۔ اس مقصد کے لیے تمام رجسٹرڈ ووٹر ز کو پاس کوڈ جاری کیا جائے گا۔ یہ ووٹر پاس کوڈ 14اکتوبر تک کسی بھی وقت ای میل کردیا جائے گا۔

ندیم قاسم نے مزید کہا کہ ضمنی انتخابات والے حلقوں میں ووٹرز کی تعداد 7 لاکھ 32 ہزار ہے ۔ یہ تاثر غلط ہے کہ ان پڑھ افراد ووٹ کاسٹ نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کی ووٹنگ کے پائلٹ پراجیکٹس ہیں۔ الیکشن کمشن سسٹم سے مطمئن نہ ہوا تو پھر نتائج کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔ اوورسیز ووٹنگ کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔