تہران (جیوڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کو اقدام کرنا ہو گا اور انہیں چاہیے کہ ایران اور بڑی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے سے فوائد حاصل کرنے کے لیے قیمت چکانے کے لیے تیار رہیں۔
ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ظریف نے ہفتے کے روز مزید کہا کہ “اب وقت آ گیا ہے کہ یورپی ممالک حرکت میں آئیں اور اپنی سیاسی پاسداری کا اعلان کریں”۔
ظریف کے مطابق اگر یورپ یہ سمجھتا ہے کہ جوہری معاہدہ ایک بین الاقوامی کامیابی ہے تو اُس پر لازم ہے کہ ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے بھی تیار رہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں برس مئی میں اُس جوہری معاہدے سے امریکا کی علاحدگی کا اعلان کیا تھا جس پر تہران اور بڑی طاقتوں نے 2015ء میں دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کی رُو سے ایران کو جوہری ہتھیاروں کے عدم حصول کا پابند رہنا تھا۔
جوہری معاہدے سے امریکا کی علاحدگی کے بعد تہران پر امریکا کی کڑی پابندیاں دوبارہ عائد کر دی گئیں۔
تاہم یورپی ممالک جو ابھی تک مذکورہ معاہدے پر کاربند ہیں، اسے برقرار رکھنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔