ابلاغی جنگ اقتصادی بحران کا اصل سبب ہے: خامنہ ای

Ayatollah Ali Khamenei

Ayatollah Ali Khamenei

تہران (جیوڈیسک) ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ ایرانی کرنسی کی قدر میں کمی اور تہران کو درپیش معاشی بحران کی اصل وجہ دشمن کی طرف سے مسلط کی گئی ابلاغی جنگ ہے۔ تاہم انہوں نے اپنے بیان میں ملک کے اندرونی حالات، عوامی احتجاج اور امریکا کی طرف سے عاید کردہ پابندیوں کو نظر انداز کر دیا۔

ایرانی خبر رساں ادارے ’ارنا‘ کے مطابق ماہرین کونسل کے ارکان کے ایک وفد سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ دشمن کی طرف سے مسلط کی گئی ابلاغی جنگ ایرانی عوام میں مایوسی، حکومت پر عدم اعتماد اور عوام کے دلوں میں معاشی بحران کو بڑھا چڑھا کر پیش کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حساس اور نازک حالات میں قوم اور منتخب نمائندوں کی اہم ذمہ داری یہ ہے کہ وہ مل کر حکومت کا ساتھ دیں اور مایوسی پھیلانے سے اجتناب کریں کیونکہ مایوسی اور ناکامی کا شعورقوم کو بند گلی کی طرف لے جائے گا۔

سپریم لیڈر کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سبز انقلاب تحریک کے ایک سرکردہ رہ نما اور اصلاح پسند لیڈر مہدی کروبی نے سپریم لیڈر سے پوچھ تاچھ کا مطالبہ کیا ہے۔