بیگم کلثوم نواز کی رحلت کی خبر پر دل افسردہ ہے، وزیر اعظم عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف اور دیگر رہنماؤں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بیگم کلثوم نواز کی رحلت کی خبر پر دل افسردہ ہے، وہ ایک حوصلہ مند اور باوقار خاتون تھیں جنہوں نے نہایت ثابت قدمی سے بیماری کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ میری تمام دعائیں اور ہمدردیاں شریف خاندان کے ساتھ ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید خان نے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے محترمہ کلثوم نواز کی وفات پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت محترمہ کلثوم نواز کی فیملی اور لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔

وزیر اعظم نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو مرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایت کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی اسپیکر محمد قاسم خان سوری نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

اسد قیصر نے بیگم کلثوم نواز کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نے ملک میں جمہوریت کی بحالی اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

گورنر پنجاب محمد سرور نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کلثوم نواز نے مشکل وقت میں پارٹی کی قیادت کی تھی اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔

متحدہ قومی موومنٹ کے ناراض رہنما سید علی رضا عابدی نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اپنے بیان میں امید کا اظہار کیا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ضمانت دی جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بھی بیگم کلثوم نواز کی رحلت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کی خبر سن کر بہت افسوس ہوا، وہ باہمت اور صاحب عزت خاتون تھیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر دکھ و تعزیت کا اظہار کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں جنہوں نے جمہوریت کے لئے جدوجہد کی۔

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز صاحبہ کی وفات کا سن کر انتہائی افسوس ہوا۔ انہوں نے میاں نواز شریف سمیت تمام لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہادر خاتون تھیں۔

میاں نواز شریف صاحب کی اہلیہ کلثوم نواز صاحبہ کے انتقال پر بیحد دکھ ہوا۔ اللہ تعالیٰ سے میری دعا ہے کہ وہ مرحومہ کو جنت الفردوس اور نواز فیملی کو صبر جمیل عطا کرے ۔ غم کی اس گھڑی میں اور کشمیری عوام ان کے ساتھ ہیں

حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے بھی سابق خاتون اول کے انتقال پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں کہا کہ میاں نواز شریف صاحب کی اہلیہ کلثوم نواز صاحبہ کے انتقال پر بے حد دکھ ہوا اور غم کی اس گھڑی میں کشمیری عوام ان کے ساتھ ہیں۔

متحدہ مجلس عمل اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز بہادر خاتون تھیں، اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے شریف خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔