اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دورہ افغانستان پر ہیں جہاں پر انہوں نے اپنے افغان ہم منصب سے مذاکرات کئے۔
شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب صلاح الدین ربانی سے ملاقات کی، وفود کی سطح پر مذاکرات میں دو طرفہ امور، علاقائی صورت حال اور افغان امن عمل سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے چیلنجز مشترکہ ہیں، جنہیں مل جل کر ہی نمٹنا ہوگا، دونوں ممالک میں باہمی تعلقات کو مزید آگے بڑھانے کا ارادہ موجود ہے، ہمیں مثبت سمت میں کام کرنا اور تعاون کاعمل مزید بڑھانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں ورکنگ گروپ کے امور کو مزید مؤثر بنانا ہو گا، علما کونسل کا اجلاس ایک اچھا اقدام ہے، علماء کرام کی ملاقات دس محرم کے بعد کسی بھی مناسب وقت میں طے پا سکتی ہے۔
اس موقع پر افغان وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں، منصب سنبھالنے کے بعد شاہ محمود کے افغانستان سے متعلق بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں، پاکستان اور افغانستان میں امن خطے کے امن کا مفہوم رکھتا ہے، لہذا دونوں ملکوں کو مشترکہ طور پر کاروائیاں کرنی ہوں گی۔