لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔
پیپلز پارٹی کا وفد نواز شریف کی اہلیہ کی تعزیت کے لیے جاتی امراء لاہور پہنچا جب کہ وفد میں آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری، شیری رحمان، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور فرحت اللہ بابر شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے نواز شریف سے ان کی اہلیہ کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کی اور مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بلاشبہ بیگم کلثوم نواز نڈر اور بہادر خاتون تھیں، قوم جمہوریت اور ملک کے لیے ان کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کلثوم نواز کا انتقال شریف خاندان کے لیے بہت بڑا صدمہ ہے، شریف خاندان اور مسلم لیگ (ن) کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ آخری وقت میں کلثوم نواز کے ساتھ نہ ہونے پر سب سے زیادہ تکلیف ہوئی، پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکر گزار ہوں کہ اس تکلیف میں ہمارا ساتھ دیا۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا وفد کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں بھی شریک ہوا اور آج بھی پارٹی وفد کے ہمراہ آئے جس پر آصف زرداری کا شکر گزار ہوں۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری نے بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت نہیں کی تھی جب کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت دیگر رہنماؤں پر مشتمل وفد نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
واضح رہےکہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر میاں نواز شریف، مریم اور صفدر کو 4 روز کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا ہے جس کی مدت کل ختم ہوجائے گی۔