میک اپ میں شامل کیمیکلز خواتین کو بریسٹ کینسر کا مریض بنا سکتے ہیں، تحقیق

Makeup

Makeup

آج کل تقریباً ہر ماہ میک اپ میں شامل مضر اجزا اور کیمیکلز کے بارے میں نئی پریشان کن خبریں سامنے آتی رہتی ہیں، اب خبر یہ آئی ہے کہ لاتعداد بیوٹی پراڈکٹس، میک اپ اور دیگر حسن آور اجزا میں شامل خوف ناک کیمیکلز خواتین کے جسم میں ہارمون کا حساس توازن بگاڑتے ہیں جس سے بریسٹ کینسر اور امراضِ قلب لاحق ہوسکتے ہیں۔

قبل ازیں ایک اور تحقیق میں انکشاف ہوا تھا کہ بال رنگنے کے بہت سے کیمیکل بھی خواتین میں بریسٹ کینسر کی وجہ بن سکتے ہیں تاہم اب جارج میسن یونیورسٹی کے شعبہ ماحولیات کی معاون پروفیسر ڈاکٹر اینا پولاک اور ان کی ٹیم نے درجنوں خواتین کا ایک سروے کیا ہے۔

تحقیقی رپورٹ کے مطابق 18 سے 44 سال کی 143 ایسی خواتین کے پیشاب کا جائزہ لیا گیا جو میک اپ استعمال کرتی تھیں۔ ماہرین نے بتایا کہ میک اپ اور بیوٹی پراڈکٹس میں پیرابینس اور بینزوفینونس جیسے کیمیکل ہوتے ہیں جو جسمانی ہارمونز کو متاثر کرتے ہیں۔ ان میں وہ ہارمون بھی ہیں جو خواتین کو ماں بننے میں مدد دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ میک اپ کیمیکلز اور تولیدی صحت والے ہارمون کے درمیان تعلق بتانے والی اپنی نوعیت کی یہ پہلی اسٹڈی ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ میک اپ میں شامل کئی کیمیکلز اور یووی فلٹرز تولیدی ہارمون کم کرتے ہیں جبکہ دیگر کیمیائی اجزا مزید پیچیدہ صورتحال پیدا کررہے ہیں۔

پیرابین کیمیکل خواتین کے جسم میں ایسٹروجن ہارمون بڑھاتے ہیں اور اگراس کی سطح بڑھ جائے تو اس سے چھاتی (بریسٹ) کے سرطان کا خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔