ایرانی دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری متحد ہو جائے: سعودی عرب

Meeting

Meeting

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کی کابینہ نے عرب ممالک میں ایرانی رجیم کی کھلم عام مداخلت اور تہران کی قبیح سرگرمیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی کابینہ کا اجلاس شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس کے آخر میں جاری کردہ ایک بیان میں عالمی برادری پر زور دیا گیا کہ وہ ایرانی دہشت گردی کے خلاف متحد ہوجائے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے لیے دہشت گرد ملیشیاؤں کی مدد اور پشت پناہی کررہا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی دہشت گردی اور اس کی معاندانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے دنیا کو سیسہ پلائی دیوار ثابت ہونا ہوگا۔ سعودی عرب نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے تمام کوششیں کررہا ہے۔ ایرانی دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری سعودی عرب کی مدد کرے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ڈاکٹر صالح العواد نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں خطے کے مسائل اور عالمی معاملات پر غور کیا گیا۔ کابینہ نے سعودی عرب کی مساعی سے ایتھوپیا اور اریٹریا کے درمیان امن معاہدے کو سراہا اور اس حوالے سے خادم الحرمین الشریفی شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن عبدالعزیز کی مساعی کا خیر مقدم کیا گیا۔