کراچی (جیوڈیسک) نواسہ رسول امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی کربلا میں شہادت کے غم میں آج ملک بھر میں یوم عاشور کے جلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔
یوم عاشور کے سلسلے میں ملک کے مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بھی صبح 7 بجے سے رات 12 بجے تک معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔
کراچی
کراچی میں یوم عاشور کا مرکزی مجلس نشتر پارک میں جاری ہے، جہاں شہنشاہ حسین نقوی مجلس سے خطاب کررہے ہیں۔
مجلس کے بعد جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوگا، جس کی قیادت ابو تراب اسکاؤٹس کرے گا۔ نماز ظہرین دورانِ جلوس ڈیڑھ بجے ادا کی جائے گی جبکہ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر ختم ہوگا۔
لاہور
لاہور میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں پر گامزن ہے، جو شام کو کربلا گامے شاہ پہنچ کر ختم ہوگا۔
پشاور
پشاور سے 10 محرم الحرام کو شہر بھر سے 12 جلوس برآمد ہوں گے۔ اس سلسلے میں پہلا جلوس امام بارگاہ آغا سید علی شاہ رضوی سے برآمد ہوگا جبکہ آخری جلوس آغا سید میر فضل علی شاہ رضوی سے برآمد ہوگا۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں مرکزی جلوس صبح 9 بجے علمدار روڈ پر رحمت اللہ چوک، پنجابی امام بارگاہ سے برآمد ہوا، جس کی قیادت بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر سید داؤد آغا کر رہے ہیں۔
عاشورہ کےجلوس میں 20سے زائد ماتمی دستے شامل ہیں،جلوس کے روٹ کو جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے لیے پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات ہے۔