راولپنڈی (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران ایک افسر سمیت 7 اہلکار شہید جب کہ 9 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقوں غرلامائی اور سپرا کنرالگد میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ کی سرحد پار سے داخل ہونے اور ایک کمپاؤنڈ میں چھپے ہونے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران 9 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جن کی لاشیں قبضے میں لے لی گئی ہیں جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 7 اہلکار شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق شہید ہونے والوں میں کیپٹن جنید، حوالدار عامر، حوالدار عاطف، حوالدار ناصر، حوالدار عبدالرزاق، سپاہی سمیع اور سپاہی انور شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے بعد علاقے کو کلیئر کردیا گیا جب کہ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔