برسلز (پ۔ر) جرمنی کے شہر ھمبرگ میں میں انتیس ستمبر بروز ہفتہ کمیونٹی کارنیوال کے جلوس کے دوران ایک منفرد انداز سے مسئلہ کشمیر خصوصاً کشمیریوں کے انسانی حقوق کو اجاگر کیاجائے گا۔
کشمیر کونسل ای یو اور فری کشمیر آرگنائزیشن مختلف ثفافتوں اور کمیونٹیز سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے اس کارنیوال میں مقبوضہ کشمیر کشمیر میں انسانی حقوق کو اجاگر کر رہی ہیں۔
کشمیری پرچم اور کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی تصاویر سے مزئین اور کشمیرکی آزادی کے بارے میں نعروں پر مشتمل بینرز سے آراستہ ایک ٹرک اس کارنیوال میں شامل ہوگا۔ جلوس کے راستے میں اس ٹرک پر نصب لوڈ سپیکر کے ذریعے کشمیری نغمے اور ترانے پیش کئے جائیں گے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضاسید نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ ہمارا مقصد کشمیریوں پر ظلم و ستم کو دنیا تک پہنچانا ہے تاکہ ان مظالم کو روکا جاسکے اور مسئلہ کشمیر کے حل کی راہ ہموار ہوسکے۔
کشمیرفری آرگنائزیشن کے صدر ڈاکٹر صدیق کیانی نے بتایاکہ کشمیری رنگوں خصوصاً کشمیریوں کے انسانی حقوق کے بارے میں بینرز سے آراستہ ٹرک کی اس کارنیوال میں شمولیت سے کشمیریوں کی آواز کو یورپ کے لوگوں تک پہنچانے مدد ملے گی۔
انھوں نے مزید بتایاکہ پچھلے سال بھی اس طرح کا ایک ٹرک برلن کے کمیونٹی کارنیوال میں پیش کیا گیا تھا جو لوگوں کی خصوصی توجہ کا باعث بنا تھا۔
کثیرتعداد میں انسانوں اورمتعدد ٹرکوں پر مشتمل یہ پریڈ نما جلوس چھ گھنٹے برلن شہر کے مختلف علاقوں سے گزر کر اختتام پذیر ہواتھا۔
ان ٹرکوں پر دنیا کے مختلف خطوں میں نسل پرستی اور انسانوں پر مظالم کے خلاف اور امن و آشتی کے حق میں بینرز آویزاں تھے اور جلوس کے دوران مختلف ثقافتی پروگرام بشمول روایتی و جدید موسیقی بھی پیش کئے گئے تھے۔
ھمبرگ کے کاروان میں بھی کشمیرکے علاوہ دیگر ثفاقتی اور سماجی تنظیمیں بھی حصہ لی رہی ہیں اور ان کا مقصد مختلف خطوں میں اجتماعی، معاشرتی انسانی حقوق اور مختلف کلچرزاور ان کے متعلق اقدار کو اجاگرکرنا ہے۔