پیرس (زاہد مصطفی اعوان) پی آئی اے کی کینیڈا میں فرار ائیر ہوسٹس کا سراغ مل گیا۔ کینیڈا میں فرار ہونے والی پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کی ائیرہوسٹس فریحہ مختار کا سراغ مل گیا۔پی آئی اے ذرائع کے مطابق کینیڈا میں غائب ہونے والی ائیر ہوسٹس فریحہ مختار کینیڈا میں رہائش پذیر سابق ائیر ہوسٹس ماہرہ کے ساتھ ہیں جو انہیں غیر قانونی مدد فراہم کر رہی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ ائیر ہوسٹس ماہرہ بھی 2 سال قبل غیر قانونی طور پر روپوش ہو گئی تھیں۔واضح رہے کہ کچھ روز قبل فریحہ مختار کینیڈا میں لاپتا ہوگئی تھیں۔پی آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق فریحہ مختار مبینہ طور پر موبائل فونز، کرنسی اسمگلنگ اور جعلی سند کی تحقیقات کے باعث کئی سال تک معطل رہیں جب کہ ان کی انٹرنیشنل فلائٹس پر پابندی تھی تاہم مبینہ طور پر سیاسی اثر و رسوخ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے لاہور سے تعلق کے باوجود ٹورنٹو پرواز حاصل کرنے کے لیے خود کو کراچی کا رہائشی ظاہر کیا تھا۔
کینیڈا میں ان کے غائب ہونے کے باعث 11 ستمبر کی پی آئی اے کی پرواز ٹورنٹو سے ایک کیبن کریو کی کمی کے ساتھ واپس آئی اور اس کی وجہ سے قومی ایئرلائن کو لاکھوں روپے جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا۔