لاہور قلندرز نے ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی کپ جیت لیا

 Lahore Qalandar

Lahore Qalandar

ابوظہبی (جیوڈیسک) ٹی ٹوئنٹی کپ کا ٹائٹل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز لاہور قلندرز نے جیت لیا۔ فائنل میں لاہور قلندرز نے ملٹی پلائی ٹائٹنز کو 15 رنز سے ہرایا۔

ابوظہبی میں کھیلے گئے فائنل میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے چھ وکٹ پر 149 رنز بنائے۔ سہیل اختر 56 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ فیضان نے 32 اور فل سالٹ نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملٹی پلائی ٹائٹنز کی جانب سے البے مورکل نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں ٹائٹنز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 133 رنز بناسکی۔ تیسری وکٹ پر ڈی برونی اور مونسامی نے 60 رنز کی شراکت قائم کی جبکہ مونسامی 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

ڈی برونی اور ہینو کوہن نے 37، 37 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹائٹنز کی ٹیم مقررہ اوور میں چھ وکٹ پر 133 رنز بناسکی اور یوں لاہور قلندرز نے میچ 15 رنز سے جیت کر پہلے ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

لاہور قلندرز کے شاہین آفریدی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، انہوں نے 24 رنز دیکر 2کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔