اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کیلئے بادی النظر میں قانون کا جو طریقہ کار ہوتا ہے وہ نہیں اپنایا گیا۔
پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل میں کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے اچھا تاثر نہیں گیا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری کیلئے بادی النظر میں قانون کا جو طریقہ کار ہوتا ہے وہ نہیں اپنایا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اس گرفتاری پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا کہا ہے، اس میں کوئی مسئلہ نہیں اور یہ معاملہ پارلیمنٹ میں زیربحث آنا چاہیے۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے مقدمے پر پٹیشن اگلے ہفتے دائر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
یاد رہے کہ نیب لاہور نے گزشتہ روز سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے۔