واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ہم، لا پتہ سعودی صحافی جمال کاشکچی کے معاملے میں ترکی کے ساتھ قریبی تعاون کی حالت میں ہیں۔
صدر ٹرمپ نے صحافی کاشکچی کے انجام کے بارے میں ایک اور بیان جاری کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 2 اکتوبر کو استنبول میں سعودی عرب کے قونصل خانے میں داخل ہونے کے بعد لاپتہ ہونے والے امریکی روزنامے واشنگٹن پوسٹ کے صحافی اور سعودی شہری جمال کاشکچی کی گمشدگی کے بارے میں ،میں نے ایک اعلیٰ سطحی سعودی شخصیت کے ساتھ ملاقات کی ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ یہ بہت بُری صورتحال ہے اور ہم اس کے بارے میں سعودی حکام کی طرف سے جواب کے منتظر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صحافی جمال کاشکچی کا موضوع ہمارے لئے نہایت اہم مسئلہ ہے۔ میں کاشکچی کی منگیتر کو وائٹ ہاوس میں دیکھنا چاہتا ہوں۔
کاشکچی کی گمشدگی کے بارے میں محتاط تحقیق کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ صحافی کا سعودی قونصل خانے میں داخل ہوتے وقت دکھائی دینا اور نکلتے وقت دکھائی نہ دینا تاحال دستاویزی شکل میں موجود نہیں ہے۔ ہم اس معاملے میں ترکی کے ساتھ قریبی تعاون کی حالت میں ہیں اور ہم اس مسئلہ کی تہہ تک جائیں گے۔