می ٹو مہم کے شکار ساجد خان ’ہاؤس فل 4‘ سے آؤٹ، فرہاد سمجی اِن

Sajid Khan

Sajid Khan

ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ میں بڑھتی می ٹو تحریک کے تحت ہدایت کار ساجد خان پر بھی جنسی ہراسانی کے الزامات عائد کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے کامیڈی فلم ’ہاؤس فل 4‘ کی ہدایت کاری فرہاد سمجی کریں گے۔

دو روز قبل ساجد خان پر اداکارہ سلونی چوپڑا، رشیل وائٹ اور بھارتی صحافی کرشمہ نے جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان سے غیر اخلاقی رویے سے بھی پیش آئے۔

بعد ازاں ساجد خان نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک کہ سچ ثابت نہیں ہوجاتا وہ ’ہاؤس فل 4‘ کی ہدایت کاری سے کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔

تاہم اب بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’ہاؤس فل 4‘ کی ہدایت کاری فرہاد سمجی انجام دیں گے۔

اس حوالے سے فرہاد سمجی نے کہا کہ ’فلم کی عکس بندی کو ملتوی کرنا ٹھیک نہیں ہوگا کیونکہ فلم ایک مخصوص بجٹ میں بنتی ہے‘۔

فلم ’ہاؤس فل 4‘ میں اداکار اکشے کمار مرکزی کردار نبھائیں گے جنہوں نے ٹوئٹر پیغام میں فلم کے پروڈیوسرز سے درخواست کی تھی کہ جب تک قانونی فیصلہ نہیں ہوجاتا تب تک فلم کی عکس بندی کو ملتوی کردیا جائے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں بھارتی اداکارہ تنوشری دتہ نے اداکار نانا پاٹیکر پر بھی جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

اس کے بعد سے بالی وڈ فلم نگری میں ایسے کئی کیسز سامنے آئے جن میں وکاس بہل، رجت کپور اور آلوک ناتھ بھی جنسی الزامات کی زدمیں آئے۔