او آئی سی کا سعودی عرب سے اظہارِ یکجہتی، کسی بھی رکن ملک کے خلاف دھمکیاں مسترد

OIC

OIC

سعودی عرب (جیوڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے سعودی عرب کے ایک سرکاری ذریعے کے بیان کا خیرمقدم کیا ہے جس میں سعودی عرب کے خلاف کسی بھی قسم کی دھمکی، اقتصادی پابندیوں کے نفاذ کی دھمکیوں ،سیاسی دباؤ کے استعمال اور جھوٹے الزامات کو مسترد کردیا گیا ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اس طرح کے دھمکی آمیز بیانات سے اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ سعودی عرب کی پوزیشن اور بین الاقوامی تعلقات میں اس کی مرکزی حیثیت کے پیش نظر وہ میڈیا کے پھیلائے گئے شکوک وشبہات سے بالا تر ہے۔ان کا مقصد سعودی عرب کی سکیورٹی ، استحکام ، کامیابیوں اور اصلاحات کے عمل کو نقصا ن پہنچانا ہے۔

ڈاکٹر العثیمین نے کہا کہ سعودی عرب اسلامی تعاون تنظیم کا بانی رکن ملک ہے ۔اس کا اسلامی ماحول میں ایک خاص اعلیٰ درجہ ہے اور دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمانوں کے نزدیک اس کی ایک خاص حیثیت ہے۔

اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکریٹریٹ نے سعودی عرب یا تنظیم کے کسی بھی دوسرے ملک کے خلاف دھمکیوں کو مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کے اپنی قومی شہرت اور سلامتی کے تحفظ کے لیے کیے گئے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔