ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے اتوار کی شب ٹیلیفون پر ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن سے بات چیت کی۔ شاہ سلمان نے سعودی شہری جمال خاشقجی کی روپوشی کا معمّہ حل کرنے کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ سے متعلق سعودی عرب کی تجویز کا خیر مقدم کرنے پر ترکی کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔
خادم حرمین شریفین نے باور کرایا کہ مملکت اپنے برادر ملک ترکی کے ساتھ تعلقات کا اتنا ہی زیادہ خواہاں ہے جتنا کہ ترکی ہے اور ان تعلقات کی مضبوطی کو ہر گز کوئی گزند نہیں پہنچائی جا سکتی۔
دوسری جانب ترکی کے صدر نے باور کرایا کہ دونوں ملکوں اور ان کے عوام کے درمیان قریبی، امتیازی اور تاریخی نوعیت کے برادرانہ اور گراں قدر تعلقات قائم ہیں۔ ایردوآن نے کہا کہ وہ ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔