واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا ہے کہ چین نے امریکہ کے سال 2016 کے انتخابات میں مداخلت کی ہے۔
امریکہ کے سی بی ایس ٹیلی ویژن چینل پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ “چین روس کے مقابلے میں زیادہ خطرناک ہے۔ میرے خیال میں چین نے بھی انتخابات میں مداخلت کی ہے۔ کھلے الفاظ میں کہا جائے تو میں سمجھتا ہوں کہ چین، روس سے زیادہ بڑا مسئلہ ہے”۔
روس کے 2016 کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کرنے یہ نہ کرنے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “کیا آپ حقیقتاً یہ سوچ سکتے ہیں کہ انتخابات میں مدد کے لئے میں روس سے اپیل کر سکتا ہوں؟ وہ یوں بھی میری مدد نہیں کر سکتے تھے۔ روس سے مدد مانگنے کی بات نہایت فضول دعوی ہے”۔
واضح رہے کہ امریکہ کی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے بھی کہا تھا کہ امریکہ کے لئے 21 ویں صدی کا سب سے بڑا مسئلہ چین ہے۔
جمعہ کے روز جاری کردہ بیان میں بولٹن نے اس موقف کی تائید کے لئے کہا تھا کہ “چین ایک طرف تو بین الاقوامی اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو دوسری طرف اقتصادی اور فوجی طاقت بن رہا ہے”۔