اسلام آباد (جیوڈیسک) اداکار اور میزبان مانی کو انسٹاگرام پر جنسی ہراساں کیے جانے کے خلاف شروع کی گئی ‘می ٹو’ مہم کی بانی خاتون ترانا برک کا مذاق اڑانا مہنگا پڑ گیا اور مداحوں نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
مانی نے انسٹاگرام پر ترانا برک کی ایک تصویر شیئر کرکے لکھا تھا، ’یہ ہیں می ٹو مہم کی بانی ترانا برک، معلوم نہیں کہ ان کو کس نے اور کیوں چھیڑا؟
واضح رہے کہ ترانا برک ایک سیاہ فام خاتون ہیں جنہوں نے خواتین کے ساتھ ہونے والی جنسی زیادتی اور ہراساں کیے جانے کے خلاف اور ان کے حقوق کی پاسداری کے لیے ‘می ٹو’ مہم کا آغاز کیا تھا۔
تاہم مانی کا ترانا برک کو ان کے رنگ و نسل کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانا اتنا مہنگا پڑا کہ مداحوں نے انہیں خوب خوب باتیں سنائیں۔
کسی نے مانی کو مخاطب کرکے لکھا، ‘آپ کو شرم آنی چاہیے’۔
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ‘یہ کوئی مذاق نہیں ہے، آپ نے اپنا احترام کھودیا‘۔
جبکہ ایک صارف نے مانی کو ‘مضحکہ خیز’ بھی قرار دے دیا۔
مداحوں کے تبصروں اور شدید تنقید کے بعد مانی نے ترانا برک کے حوالے سے کی گئی اپنی پوسٹ کو ہی ڈیلیٹ کردیا۔
بعدازاں مانی نے اپنے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنا اکاؤنٹ ایک ‘بچے’ کو دیا ہوا تھا جس نے اس تصویر کو مزاحیہ سمجھتے ہوئے شیئر کر دیا۔
مانی کا کہنا تھا کہ وہ پہلے ہی اس معاملے پر معذرت کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل ان کی اہلیہ اور ٹی وی اداکارہ حرا نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ وہ مانی کی بہت بڑی مداح تھیں اور انہوں نے اپنی دوست اور منگیتر کو دھوکا دے کر مانی سے شادی کی تھی جس کے بعد سے حرا پر تو تنقید جاری ہی تھی کہ اب ان کے شوہر مانی نے بھی ایک نیا پنڈورا بکس کھول دیا ہے۔