انڈونیشیا نے حادثے کے شکار مسافر جہاز کے ملبے کا پتا چلا لیا

Indonesia Passenger Plane

Indonesia Passenger Plane

سولاویسی (جیوڈیسک) انڈونیشیا کی فوج کےسربراہ نے دعویٰ‌ کیا ہے کہ حکام نے سوموار کے روز حادثے کا شکار ہونے والے “لیون ایئر” کے ملبے کا سراغ لگا لیا ہے۔ یہ جہاز سوموار کو علی الصباح پرواز کے کچھ ہی دیر بعد سمندر میں گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ طیارے پر 189 افراد سوار تھے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق انڈونیشیا کے آرمی چیف جنرل ھادی تجاگانٹو نے میڈیا کو بتایا کہ ہمیں حادثے کا شکار ہونے والے بدقسمت طیارے کی جگہ کا پتا چل گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “جے ٹی 610” طیارے کا ملبہ مل گیا ہے۔

ادھر انڈونیشیا کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ایک عہدیدار بتایاکہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کا پتا چلانے کے لیے مقرر کردہ ٹیم کے غوطہ خوروں کو منگل کے روز سمندر میں طیارے کے صوتی سنگل موصول ہوئے تھے۔ بدھ کو انہوں نے جگہ کا تعین کرلیا ہے۔
انڈونیشیا کی ٹرانسپورٹ اتھارٹی وائس چیئرمین ھاریو ساتمیکو نے “رائٹرز” کو بتایا کہ ہوائی جہاز سمندر میں 35 میٹر کی گہرائی میں ملا ہے۔

قبل ازیں “لیون ایئر” کمپنی کی طرف سے ایک بیان میں‌کہا گیا تھا کہ مسافر جہاز بانکال بینانک جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس ہوائی جہاز نے ایک گھنٹہ دس منٹ میں اپنی منزل پر پہنچنا تھا۔ طیارے میں عملے سمیت 189 افراد سوار تھے جن میں 181 عام مسافر دو بچے اور دو شیرخوار شامل تھے۔