اقوام متحدہ کا یمن کے سیاسی حل کا مطالبہ، عرب اتحاد کا خیر مقدم

António Guterres

António Guterres

امریکا (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل آنتونیو گوتیریس نے یمن مطالبہ کیا ہے کہ یمن میں جنگ کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے لڑائی جاری رکھنے سے خبردار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ بحران کا سیاسی حل تلاش کیا جائے۔

جمعے کے روز اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بھی امریکا اور برطانیہ کے ساتھ اس مطالبے میں شامل ہو گئے کہ پیشگی شرائط کے بغیر “نیک نیتی” کے ساتھ امن مشاورت شروع کی جائے۔

دوسری جانب یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد اور خلیج تعاون کونسل نے جنگ روکنے کے مطالبے کے حوالے سے مثبت ردّعمل کا اظہار کیا ہے۔

عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے جمعے کی شام ریاض میں ایک بار پھر یمنی بحران کے سیاسی حل کے لیے اتحاد کی تائید کو دُہرایا ہے۔

ادھر خلیج تعاون کونسل کے سکریٹری جنرل عبداللطيف الزيانی نے امن مشاورت کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے اپنی امید کا اظہار کیا ہے۔ ان کا یہ موقف جمعے کی شام یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مرٹن گریفتھ کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو میں سامنے آیا۔

الزیانی نے باور کرایا کہ خلیج تعاون کونسل یمن میں خون ریزی روکے جانے کی خواہش مند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حوثی ملیشیا یمن اور اس کے عوام کے بہترین مفاد میں اپنے موقف پر نظر ثانی کرے گی۔