ماسکو (جیوڈیسک) روس میں ہونے والے افغان امن مذاکرات میں امریکا نے بھی شرکت کی تصدیق کر دی ہے، آج ہونے والی امن کانفرنس میں طالبان کا وفد بھی شرکت کرے گا۔
ماسکو کا کہنا ہے کہ اس بین الاقوامی کانفرنس میں امریکا، بھارت، ایران، چین، پاکستان اور وسطی ایشیا کے پانچ ممالک کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
روسی وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے، ’’روس ایک مرتبہ پھر اپنا موقف واضح کرتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ افغانستان میں امن کا واحد راستہ سیاسی مذاکرات سے ہی ممکن ہے۔‘‘
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان کے مطابق روس میں افغان امن مذاکرات میں ماسکو میں موجود امریکی سفارت کار شرکت کریں گے۔
نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان حکومت اور طالبان کے مذاکرات کرانے کے لیے تمام ممالک کو تعاون کرنا چاہیے، طالبان سے براہ راست مذاکرات میں افغان حکومت کا متبادل کوئی اور نہیں ہوسکتا۔
ماسکو میں افغان امن مذاکرات میں پاکستان اور چین سمیت 12ممالک کو مدعو کیا گیا ہے، افغان حکومت مذاکرات میں شرکت نہیں کر رہی، تاہم افغان امن کونسل کا وفد آزادانہ حیثیت میں کانفرنس میں شریک ہو گا۔