راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں ریاست کی رٹ یقینی بنانے کیلئے تمام ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھی جانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 215 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں جیو اسٹریٹجک صورتحال اور ملکی سلامتی کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کانفرنس میں ملک میں جاری آپریشنز، پاک افغان سرحد پر آہنی باڑ اور مشرقی سرحد کی صورتحال، بھارت کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہنا ہے کہ ملک میں پائیدار امن لانے کیلئے پاک فوج کی کوششیں جاری رکھنے اور علاقائی امن کیلئے تمام اقدامات کی حمایت کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے ترجمان کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں ریاست کی رٹ یقینی بنانے اور قانون کی حکمرانی کیلئے تمام ریاستی اداروں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔