اسلام آباد : الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان اور نسٹ کے مابین رضاکارانہ امور کو مشترکہ طور پر کرنے کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے جس کے مطابق نسٹ کے طلباء طالبات الخدمت کے مختلف پراجیکٹس میں الخدمت کیساتھ اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کریں گے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی طرف سے رضوان بیگ اور نسٹ کی طرف سے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد صفدر نے معائدے پر دستخط کیے اور دستاویزات کا تبادلہ کیا۔
اجلاس کا انعقاد نسٹ یونیورسٹی اسلام آباد میں ہوا۔ جس میں الخدمت فاؤنڈیشن اور نسٹ یونیورسٹی کے فوکل پرسنز مس ماہین ممتاز اور شہزاد سلیم عباسی نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رضوان بیگ نے کہا کہ الخدمت ڈیزاسٹ مینجمنٹ ، کفالت یتامی، صاف پانی، کمیونٹی سروسز، تعلیم ، مائیکروفنانس اور صحت کے پروگراموں میں معاشرے کی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ہیڈ آف نسٹ کلب ڈاکٹر محمد صفدر نے کہا کہ نسٹ یونیورسٹی الخدمت فاؤنڈیشن کیساتھ مل کر مختلف آگاہی ایام بھی منائے گی اور اس کے ذریعے سے فلاحی سرگرمیوں اور ان میں رغبت پیدا کرنے کے لیے رائے عامہ ہموار کرے گی۔
اجلاس میں مشترکہ مفادات پر کام کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا گیا اور اس امر کا اعادہ کیا گیا کہ الخدمت اور نسٹ انسانیت کی فلاح کے لیے رضاکارانہ سطح پر مل کر کام کریں گے۔ معائدے کی روسے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے طلباء طالبات کو مختلف تربیتی مشقیں اوررضاکارانہ تربیت کے مواقع فراہم کرے گی اور ان کے لیے وقتا فوقتا انٹرن شپ پروگرام کا انعقاد بھی کرے گی۔