روم (جیوڈیسک) بالی وڈ جوڑے نے شادی کی تقریبات کے لیے اٹلی کے خوبصورت ترین مقام ‘لیک کومو’ کا انتخاب کیا ہے جہاں مخصوص مہمانوں کو ہی مدعو کیا گیا ہے۔
بالی وڈ کی دلکش جوڑی دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ بھارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق شادی میں 100 کے قریب لوگ مدعو ہیں، جن میں دپیکا اور رنویر کے اہلخانہ اور قریبی دوستوں کے علاوہ بالی وڈ سے شاہ رخ خان، فرح خان اور سنجے لیلا بھنسالی شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جوڑے نے شادی کے ملبوسات کے لیے ڈیزائنر سبیاساشی مکھرجی کا انتخاب کیا ہے۔
شادی کے پہلے روز یعنی آج کولکنی روایات کے مطابق تقریب جاری ہے اور کل رنویر اور دپیکا سندھی روایت کے مطابق تقریب میں دکھائی دیں گے تاہم دونوں نے مہمانوں کو تصاویر نہ لینے اور کیمرہ یا موبائل فون ساتھ نہ رکھنے کی تلقین کر رکھی ہے۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شادی کے موقع پر اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے کہ کوئی مہمان اپنے ساتھ موبائل فون نہ لے کر آئے تاکہ تصاویر اور ویڈیوز لیک نہ ہوسکیں۔
دوسری جانب یہ بھی رپورٹس ہیں کہ رپورٹرز اور فوٹوگرافرز کو ایونٹ سے دور رکھنے کی غرض سے کئی سیکیورٹی بوٹس بھی جھیل کے اطراف گشت میں مصروف ہیں جبکہ مقامی حکام نے کشتیاں کرائے پر دینے والی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ علاقے سے باہر کے لوگوں کو بوٹس کرائے پر نہ دیں۔
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شادی میں آنے والے تمام مہمانوں کو ایک خصوصی رِسٹ بینڈ دیا جارہا ہے جبکہ ان کے موبائل فونز کے کیمرہ لینس کو بھی اسٹیکر لگا کر بند کردیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق دپیکا اور رنویر نے مہمانوں کو کہا ہے کہ وہ شادی میں انہیں تحفے تحائف دینے کے بجائے دی لِو لَو لاف فاؤنڈیشن (The Live Love Laugh Foundation) کو عطیہ دے دیں، جسے یہ بالی وڈ جوڑا سپورٹ کرتا ہے۔
بالی وڈ جوڑے نے شادی کی تقریبات کے لیے اٹلی کے خوبصورت ترین مقام لیک کومو کا انتخاب کیا ہے، اس ویلا کے 70 کمرے ہیں جنہیں 17 نومبر تک بُک کیا گیا ہے۔ جہاں پر ایک کمرے کا کرایہ تقریبا 400 یورو ہے۔
ایک ہفتے کیلئے کرائی گئی بکنگ پر تقریباً ساڑھے تین کروڑ پاکستانی روپے لاگت آئے گی۔
یہ بھی یاد رہے کہ دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ تقریباً 6 برس قبل فلم رام لیلا کے سیٹ پر ایک دوسرے کے قریب آئے اور پھر اُن کی دوستی ہوئی جس کے بعد محبت کے چرچے میڈیا کی زینت بھی بنے مگر کچھ عرصے بعد دونوں کے تعلقات ختم ہونے کی خبریں بھی سامنے آئیں تھیں۔
واضح رہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈوکون نے سنجے لیلا بھنسالی کی فلم رام لیلا، باجی راؤ مستانی میں کام کیا تھا بعد ازاں چار سال وقفے کے بعد دونوں ایک بار پھر پدمنی میں ایک ساتھ مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئے۔