ممبئی (جیوڈیسک) بالی وڈ کے نئے شادی شدہ جوڑے دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے گذشتہ روز اپنی شادی کی آفیشل تصاویر مداحوں سے شیئر کیں۔
یہ تصاویر شیئر کرنے کی دیر تھی کہ فوراً ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن پر لوگوں کے تبصروں اور مداحوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اٹلی کے خوبصورت مقام ‘لیک کومو’ پر ہونے والی اس شادی کے پہلے روز کی تقریبات ساؤتھ انڈین کونکنی روایات کے مطابق تھیں، جہاں جوڑے نے ڈیزائنر سبیاساشی کے ملبوسات زیب تن کیے۔
دپیکا نے نارنجی مائل سلک کی ساڑھی کے ساتھ بھاری کندن جیولری کا انتخاب کیا تھا جبکہ رنویر سنگھ ساؤتھ انڈین اسٹائل کے سفید دھوتی کرتے میں نظر آئے۔
شادی کے دوسرے روز کی تقریبات سندھی روایات کے مطابق انجام دی گئیں اور اس موقع پر بھی ڈیزائنر سبیاساشی کے ہی ملبوسات کا انتخاب کیا گیا، جس کی تھیم سرخ اور سنہری رکھی گئی تھی۔
دپیکا پڈوکون سرخ لہنگے اور دوپٹے میں روایتی زیورات کے ساتھ غضب ڈھاتی نظر آئیں جبکہ رنویر سنگھ نے بھی دپیکا سے ملتے جلتے رنگ کی شیروانی اور کلاہ پہنا۔
خاص پیغام!
خیر یہ تفصیلات تو شاید سب کو ہی معلوم ہیں، لیکن یہ بات بہت کم لوگوں کو پتہ ہوگی کہ شادی کے دوسرے دن دپیکا کے جوڑے پر ایک خاص پیغام بھی درج تھا۔
ہم بتاتے چلیں کہ 15 نومبر کو دپیکا نے جو جوڑا پہنا، اس کے دوپٹے پر سنسکرت زبان میں ایک دعا درج تھی، ‘سدا سو بھاگیاوتی بھاوا’ جس کا مطلب ہے، ‘سدا سہاگن رہو’۔
واقعی جتنا خوبصورت یہ جوڑا تھا، یہ دعا بھی اتنی ہی خوبصورت ہے۔
مبارکباد کا سلسلہ بھی جاری
دوسری جانب دپیکا اور رنویر کے ساتھی اسٹارز اور بالی وڈ کی دیگر شخصیات کی جانب سے بھی جوڑے کو شادی کی مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔
فلمساز اور ڈائریکٹر کرن جوہر نے جوڑے کی شادی کی تصاویر شیئر کرکے دونوں کو نہایت دلچسپ انداز میں مبارکباد دی اور لکھا، ‘یہ بہت پیار والی پکچرز ہیں اور جن کا کوئی لائف پارٹنر نہیں ہے، ان کے لیے ‘ہائے’ والی فیلنگز۔’
انوشکا شرما نے بھی جوڑے کو ‘شادی شدہ افراد کے کلب’ میں شمولیت پر ڈھیر ساری مبارکباد دی۔
بالی وڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑہ نے بھی دپیکا اور رنویر کو شادی کی مبارکباد دی۔
آیوشمن کھرانہ نے بھی جوڑے کو شادی کی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔