فرانس: پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے

Protest

Protest

پیرس (جیوڈیسک) فرانس میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کئے گئے احتجاجی مظاہروں میں ایک شخص ہلاک اور 227 زخمی ہو گئے ہیں جبکہ 73 مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

متعدد لیبر یونینوں کی اپیل پر ملک بھر میں کئے گئے مظاہروں میں حکومت کی طرف سے پیٹرول پر اضافی ٹیکسوں کے خلاف ردعمل کا اظہار کیا گیا۔

ییلو جیکٹ نامی تنظیم کے مظاہرین کی طرف سے پیرس کے مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

پولیس نے پورٹ میل آوٹ، باسٹل اسکوائر اور شاپ الیزے شاہراہ پر جمع مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی جس دوران وقتاً فوقتاً پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور پولیس نے مظاہرین کے خلاف آنسو گیس اور ڈنڈوں کا استعمال کیا۔

دوسری طرف ایلیزے پیلس کے اطراف میں جمع تقریباً 1200مظاہرین نے “ماکرون استعفی دے” کے نعرے لگائے۔

بعد ازاں مظاہرین نے سکیورٹی بیرئیروں کو عبور کرنے کی کوشش کی جس پر پولیس نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔

علاوہ ازیں ملک بھر میں مظاہرین نے سینکڑوں شاہراوں پر رکاوٹیں کھڑی کر کے مظاہرہ کیا۔

مظاہروں کے بعد وزیر داخلہ کرسٹوف کاسٹینر نے جاری کردہ تحریری بیان میں کہا ہے کہ ملک بھر میں 2 ہزار سے زائد مقامات پر کئے گئے مظاہروں میں تقریباً 2 لاکھ 38 ہزار افراد نے شرکت کی ، مظاہروں کے دوران جھڑپوں کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 227 زخمی ہو گئے ہیں جبکہ 73 مظاہرین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔