اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے 100 روزہ پلان کو حکومت کیلئے خفت اور رسوائی کا سبب قرار دے دیا۔
پی پی پی کے سینئر رہنما و ماہر قانون اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ حکومت کے 100 روزہ پلان سے کچھ نہیں نکلنا تھا، پی ٹی آئی نے صرف بڑھکیں ماری تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بڑھکیں مارنے کی وجہ سے ہی پی ٹی آئی کو خفت اٹھانا پڑ رہی ہے کیوں کہ دونوں ایوانوں میں اکثریت نہ ہو تو حکومت سودن میں صرف رسوا ہی ہو سکتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو بڑھکیں مارنی ہی نہیں چاہئیں تھیں کیوں کہ کوئی بھی حکومت 100 روز کے دوران اہداف حاصل نہیں کر سکتی، 100 روز میں اہداف صرف صدارتی نظام حکومت میں حاصل کیے جا سکتے ہیں، امریکہ میں چونکہ صدارتی نظام ہے اس لئے وہاں اس طرح کی باتیں ہوتی ہیں۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کو قطری خط جیسا ایک اور مشورہ بیان سے پھرنے کا دیا گیا ہے اور لگتا ہے العزیزیہ کیس میں نوازشریف کو جیل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کہا انہیں اسمبلی میں دیئے گئے بیان پر استثنیٰ حاصل ہے، اگر نواز شریف نے اسمبلی فلور پر جھوٹ بولا تھا تو عدالت میں بھی اپنے جھوٹ پر قائم رہے۔
ان کا کہنا ہے مجھے کسی کے بھی جیل جانے پرکوئی خوشی نہیں لیکن نہ جانے نواز شریف کو کون اس طرح کے مشورے دے رہا ہے۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اعتزاز احسن بزرگ ہیں لیکن آصف زرداری کی وجہ سے سیاسی اور ذہنی طور پر ڈسٹرب ہیں، اور اپنا غصہ کہیں اور نکال رہے ہیں۔