سعودی عرب اور بحرین کے درمیان نئی آرامکو ، باپکو تیل پائپ لائن کا افتتاح

Prince Mohammed Bin Salman

Prince Mohammed Bin Salman

سعودی عرب (جیوڈیسک) بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے دونوں ملکوں کے درمیان تیل کی نئی پائپ لائن کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔سعودی عرب کی بڑی تیل کمپنی آرامکو اور بحرین پیٹرولیم کمپنی ( باپکو) کے درمیان باہمی تعاون سے یہ پائپ لائن بچھائی جا رہی ہے۔

تیل کی اس نئی پائپ لائن کی لمبائی 110 کلومیٹر ہے اور اس کے ذریعے سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں واقع بقیق فیکٹریوں کو بحرین میں باپکو کے تیل صاف کرنے کے کار خانے ( ریفائنری) سے ملایا جائے گا۔اس پائپ لائن کے ذریعے دو لاکھ 20 ہزار بیرل یومیہ تیل کی ترسیل ہوگی اور اس کی زیادہ سے زیادہ صلاحیت ساڑھے تین لاکھ بیرل یومیہ ہوگی۔

منصوبے کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب میں بحرین کے وزیر تیل شیخ محمد بن خلیفہ آل خلیفہ نے اپنی تقریر میں دونوں ممالک کے درمیان تیل کے شعبے میں تعاون کے حوالے سے ایک جائزہ پیش کیا۔تقریب میں دونوں ممالک کے وزراء ، اعلیٰ حکام اور شہزادے موجود تھے۔