ایگزون موبل کا 27 سال بعد پاکستان میں دوبارہ کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ

ExxonMobil

ExxonMobil

اسلام آباد (جیوڈیسک) امریکی آئل اینڈ گیس کمپنی ‘ایگزون موبل’ (ExxonMobil) نے 27 سال بعد پاکستان میں دوبارہ کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایگزون موبل کی ایل این جی مارکیٹ ڈیویلپمنٹ کی چیئرپرسن ایما کوکرین نے اپنے وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور کمپنی کے کاروباری منصوبے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر ایگزون موبل کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘پاکستان میں آزادانہ اور محفوظ سرمایہ کاری کی مکمل معاونت کریں گے’۔

وزیراعظم عمران خان سے پیپسی کمپنی کے وفد نے بھی ملاقات کی، جس کے دوران وزیراعظم کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری منصوبے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

وفد کے سربراہ مائیک اسپینوس کا کہنا تھا کہ پیپسی کمپنی پاکستان میں 1.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرےگی۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تاجروں اور سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دینے کے لیے پرعزم ہے۔