جب احساس ہی مر جائے

Feeling

Feeling

تحریر : مسز جمشید خاکوانی

جب چوٹ لگتی ہے درد کا احساس ہوتا ہے کسی میں برداشت زیادہ ہوتی ہے کسی میں کم ،سچ پوچھیں تو مجھ میں درد برداشت کرنے کی صلاحیت بالکل نہیں ہے نہ میں کسی کو درد میں دیکھ سکتی ہوں کہتے ہیں اللہ کسی کو اس کی ہمت سے زیادہ تکلیف نہیں دیتا یہی میرا ایمان ہے اس لیے ہر بات اللہ پہ چھوڑ دیتی ہوں میرا اللہ تُو ہے ناں ؟تو مجھے فکر کرنے کی کیا ضرورت ہے مگر بات درد کی ہو تو بچوں کی طرح اب بھی رولا ڈال دیتی ہوں درد کی بہت سی اقسام ہوتی ہیں کچھ لوگ اپنا درد تو محسوس کرتے ہیں دوسروں کا نہیں ،کسی کا حق مارتے،کسی کا برا کرتے ،کسی کا خون کرتے بھی انہیں بالکل احساس نہیں ہوتا کسی پر تشدد کرتے ذرا بھی ان کا دل نہیں کانپتا کہ اس کو کتنی اذیت ہو رہی ہوگی حال ہی میں ایک وڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک نوعمر لڑکے کو ایک دمی ننگا کر کے لاٹھی سے اس پر تشدد کر رہا تھا پہلا سین دیکھ کر ہی میں آگے دیکھ ہی نہیں سکی۔

جاگیرداروں کا ملازموں پر تشدد تو بہت عام سی بات ہے اسکولوں کے چھوٹے بچوں پر استادوں کی مارپیٹ بھی رحمت سمجھی جاتی ہے اسی طرح پولیس کا تشدد بھی ہمارے ہاں بہت عام سی بات ہے بلکہ کوئی پولیس والا تشدد نہ کرے تو اسے پولیس سے الگ سی چیز سمجھا جاتا ہے حالانکہ ساری بات احساس کی ہوتی ہے پولیس میں بھی بہت سے حساس دل رکھنے والے لوگ ہیں جن میں کوئی شاعر ہے تو کوئی ادیب، ان سے کسی ظلم کی امید بھی نہیں کی جا سکتی ظاہر ہے ان کا احساس زندہ ہے جو نغموں،شعروں اور کہانیوں کی صورت میں ڈھلتا ہے یہ ہاتھ ظلم نہیں کر سکتے ،بعض اوقات ایسا بھی ہوتا ہے کہ کسی انسان کو اپنے آپ کو بچانے کے لیے دوسرے پر ظلم کرنا پڑتا ہے ایسا اکثر ایسے موقعوں پر ہوتا ہے جب آپ کسی ایسی تنظیم یا تحریک میں شامل ہو جائیں جو حکومت وقت کو بلیک میل کر رہی ہو اس میں عام راہگیر بھی مارے جاتے ہیں یا ان کو جان بچانے کے لیے شرپسندوں کا ساتھ دینا پڑتا چاہے اس کا مقصد کتنا ہی عظیم ہو انسانیت پر ظلم کی اجازت نہیں دی جا سکتی جو لوگ کسی کاذ کے لیے باہر نکلتے ہیں۔

ان کی زمہ داری اس لیڈر پر عائد ہوتی ہے جو اس تحریک کا محرک ہوتا ہے دنیا میں بڑے بڑے مطالبے بغیر جبرو تشدد کے منوائے گئے ہیں اس کے لیئے لیڈر کا امن پسند ہونا ضروری ہے جب آپ کوئی موب لے کر نکلتے ہیں تو پھر اس کو کنٹرول کرنا بھی آپکی زمہ داری بن جاتا ہے کیونکہ اس میں شرپسند عناصر بھی شامل ہو جاتے ہیں جن کے اپنے مقاصد ہوتے ہیں مولانا طاہر القادری اور عمران خان کو دھرنوں کا طعنہ دینے والے کبھی یہ الزام نہیں دے سکتے کہ انہوں نے کسی پر تشدد کیا ہو املاک کو نقصان پہچایا ہو بلکہ ان پر تشدد کیا گیا اور جھوٹے الزام بھی لگائے گئے حال ہی میں مولانا سمیع الحق کو شہید کیا گیا لیکن ان کے لاکھوں پیروکاروں نے ایک گملہ تک نہیں توڑا کیونکہ ان کی تربیت ایک نفیس اور نستعلیق انسان نے کی تھی جن کا فلسفہ حیات اسلام کے اصل اساس پر ہے جو لوگ اسلام کی روح کو سمجھتے ہیں ان کی بول چال ،طرز زندگی حضرت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کے اصولوں پر چلتا ہے نہ کہ گالی گلوچ پر ،بانی پاکستان محمد علی جناح نے بھی آل انڈیا کانگرس چھوڑ کر مسلم لیگ قائم کی اور پر امن طریقے سے پاکستان بنانے کی تحریک چلائی لیڈر مہذب اور مخلص تھا اخلاص نیت سے کام کیا جائے تو اللہ بھی مدد کرتا ہے صرف جوش خطابت اور بد زبانی سے کوئی شخص لیڈر نہیں بن سکتا ،ایسے شخص کو پھر رد عمل کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے قوم کا درد رکھنے والے لوگ ہر پہلو سے سوچ کر ہی اپنا لائحہ عمل ترتیب دیتے ہیں تاکہ ان کی قوم کو نقصان نہ اٹھانا پڑے کیونکہ مثل مشہور ہے جو ظلم سہتا ہے وہ ظلم کرتا بھی ہے آجکل کے بچے جب اتنا تشدد دیکھ رہے ہیں سہہ رہے ہیں وہ بڑے ہو کر کیا بنیں گے میں یہ سوچ کر ہی کانپ جاتی ہوں اللہ ظلم سہنے اور ظالم بننے سے بچائے جہاں تک بات درد برداشت کرنے کی ہے اور کسی شخص میں درد سہنے کی کتنی صلاحیت ہوتی ہے اس پر بھی تحقیق ہوئی ہے اس کے چند ایک واقعات بھی میں نے پڑھے ہیں جو میں یہاں تحریر کر رہی ہوں۔۔۔

نیو فائونڈ لینڈ میں رہنے والے بلی اسمتھ ایک دن کھیل کے میدان سے واپس گھر آئے تو انہوں نے اپنے جوتے اتارے ایک جوتا تو اتر گیا مگر دوسرا جوتا کسی صورت اتر کے نہ دیا جب بلی اسمتھ نے پائوں اوپر اٹھا کے غور سے دیکھا تو پتہ چلا ایک کیل اس کے جوتے کے تلوے سے اس کے پائوں کے تلوے میں اندر تک گھسی ہوئی ہے جس کی وجہ سے جوتا پائوں کے ساتھ اٹیچ ہو گیا تھا شائد کھیل کے میدان سے واپسی پر راستے میں پڑی کوئی کیل جوتے سے گذر کر پائوں میں چبھ گئی اور چلتے رہنے کی وجہ سے پائوں میں اتنی اندر چلی گئی کہ پائوں تقریبا جوتے کے ساتھ جڑ گیا لیکن شدید حیرت کی بات یہ تھی کہ اسے کوئی درد تکلیف محسوس نہیں ہوئی کیا ایسا ممکن ہے؟ کیا ہر کسی کے لیے تکلیف کی شدت مختلف ہوتی ہے؟ اس واقعے پر یقین کرنے کے لیے آپکو کہیں اور نہیں جانا پڑے گا ہمارے اپنے ملک پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں برطانوی سائینس دانوں نے ایک گروہ ڈھونڈ نکالا یہ لوگ بالکل نارمل نظر آتے ہیں عام آدمی کی طرح سردی گرمی کا احساس بھی رکھتے ہیں ،خوش بھی ہوتے ہیں ،غصہ بھی کرتے ہیں غمگین بھی ہوتے ہیں روتے دھوتے بھی ہیں لیکن جب درد کی بات آئے تو انجان بن جاتے ہیں کیونکہ انہیں گر جانے پر درد نہیں ہوتا دانتوں میں روٹ کنال Root Canalsان کے لیے ایک پین لیس عمل ہے اس کے لیے انہیں عام لوگوں کی طرح پین کلر نہیں دینی پڑتی نہ ہی جلن کا احساس ہوتا ہے۔

اگر بیس بال یا کرکٹ کے بلے سے ان کا سر پھٹ جائے تو انہیں کوئی احساس نہیں ہوتا حد تو یہ ہے کہ ان کے ہاں کی خواتین بغیر کسی تکلیف اور اذیت کی شکایت کیے بغیر نئی زندگی کو جنم دے دیتی ہیں اور انہیں درد کا احساس تک نہیں ہوتا سائینسدان اسے Congenital Indifference to pain (CIP) کا نام دیتے ہیں الغرض درد کی شدت تو چھوڑیے درد کے احساس سے بھی واقف نہیں ،برطانیہ میں کیمرج انسٹی ٹیوٹ میڈیکل ریسرچ کے کلینیکل جینٹیسسٹ Clinical Geneticist جیو فری ووڈز Geoffrey Woods کا کہنا ہے کہ غالباًبلی اسمتھ انہی چندگنے چنے لوگوں کے گروہ میں سے ایک ہے حیرت کی بات ہے کہ یہ گروہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں موجود ہے اور اکثریت ان سے واقف نہیں اور ان کی تعداد بھی بہت کم ہے ریسرچر ووڈز کے لیے یہ بات بھی حیرت انگیز تجربہ تھا کہ یہ لوگ آگ پر چل رہے تھے مگر نہ تو انہیں جلنے کا احساس تھا نہ انہیں تکلیف ہو رہی تھی ووڈز دلیل پیش کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر انکی بات پر شک ہے کہ یہ درد کے احساس سے ناواقف ہیں تو پھر ان کے بارے میں بے یقینی اور شک ظاہر کرنے سے پہلے معصوم کھلنڈرے درد و الم سے بے نیاز بچوں کے بارے میں سوچیئے کھیل کے دوران کئی طرح کی چوٹ زخم اور تکلیف بچوں کے پسندیدہ کھیل یا مشغلے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتا وہ اس وقت تک روتے بھی نہیں جب تک ان کی ماں یا کوئی بڑا انہیں پکڑ کر احساس نہ دلائے کہ تمہیں چوٹ لگی ہے اسے حیرت بھی تھی اس پاکستانی بچے پر جو محض تفریح کیلئے اپنے بازو میں چھری گھسیڑ رہا تھا اور اسے تکلیف کا احساس تک نہ تھا یوں تو یہ بچہ شمالی علاقہ جات کی سڑکوں پر کرتب دکھایا کرتا تھا۔

چھریوں اور سلاخوں کو بازئوں اور پائوں کے پار کرنا آگ پر چل کر دکھانا ،لیکن اس کا یہ کرتب شعبدہ بازی نہیں تھی بلکہ جینیاتی طور پر وہ اس درد کے احساس سے عاری تھا کیمرج یونیورسٹی کے محققین نے شمالی پاکستان میں اس لڑکے سے منسلک تین خاندانوں کے چار سے چودہ سال کی عمر کے چھ لڑکوں پر تحقیق کی جن میں درد نہ محسوس کرنے کی علامات پائی گئیں ماہرین ان پاکستانی بچوں کی مدد سے یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ کون سے جینیاتی عمل ہیں جن کی وجہ سے ان بچوں کو درد نہیں ہوتا ہو سکتا ہے ان بچوں پر تحقیق کی وجہ سے پین کلر اور درد کش ادویات کی دنیا میں انقلاب آ جائے جب میں یہ رپورٹ پڑھ رہی تھی میرا دھیان کافی سال پہلے ایک واقعے کی طرف گیا ہمارے بچپن میں ایک خاندان نوکری کی تلاش میں ہمارے گھر آیا وہ لوگ جلال پور کے تھے کندن مائی اس عورت کا نام تھا شوہر کیسا تھا مجھے نہیں معلوم کیونکہ غیر مردوں کو گھر کے اندر آنے کی اجازت نہیں تھی اس عورت کے تین بچے تھے بڑی بیٹی جو جوان لڑکی تھی ایک نو عمر بیٹا اور ایک آٹھ سال کا بیٹا ہم نے کواٹر دے دیا اور عورت گھر میں کام کرنے لگی تب گھر میں ڈیرے پر آئے مہمانوں کے لیے لنگر پکتا تھا وہ عورت حقہ بھی پیتی تھی اینٹوں سے بنے چولہے پر بڑے بڑے توے چڑھتے جن پر ایک وقت میں سات سے دس روٹیاں پکتیں آمنے سامنے تین چار عورتیں بیٹھ جاتیں اور منٹوں میں روٹیوں کے ڈھیر لگ جاتے ہم بڑی دلچسپی سے دیکھا کرتے سردیاں تھیں آگ کے پاس بیٹھنا اچھا بھی لگتا لیکن حیرت اس وقت ہوتی جب وہ عئورت چولہے کے اندر انگاروں پر اپنے پائوں رکھ کر بیٹھ جاتی اور اپنے ہاتھوں سے جلتے انگارے اٹھا کر چلم میں ڈالتی میری دادی نے پوچھا تمھارے ہاتھ نہیں جلتے تو کہنے لگی ننگے پائوں چل چل کے اور سخت کام کر کے ہماری کھال اتنی سخت ہو جاتی ہے کہ اس پر کوئی تکلیف اثر نہیں کرتی۔

اس کی بیٹی ماچس کی تیلی جلا کر اپنے منہ میں رکھ لیتی اس کے گالوں سے روشنی نکلتی جب تک تیلی بجھ نا جاتی اس کا بھائی چار پائی کے پائے پر سر کے بل بالکل سیدھا کھڑا ہو جاتا نہ اس کو درد ہوتا نہ وہ گرتا چھوٹا بھائی اپنے گلے پر انگلی سے اس طرھ ضرب لگاتا اور منہ سے آواز نکالتا کہ لگتا کوئی بین بجا رہا ہے لوگ اس سے سنتے اور پیسے بھی دیتے اس بچے کا نام نواز تھاعجیب فنکار گھرانہ تھا لیکن ان میں ایک خرابی تھی کہ گھر کے برتن غائب ہونے لگے ایک دن کوارٹر کی تلاشی لی گئی تو بوریاں بھر برتن برامد ہوئے سو ان کو نکال دیا گیا ان محققین کو جو لوگ ملے ہیں ہو سکتا ہے غربت نے انہیں بھی سخت جان بنا دیا ہو 2007میں یونیورسٹی آف فلوریڈا میں مختلف ملکوں اور نسلوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے گروپ پر کی گئی تحقیق کے مطابق امریکی اور افریقی درد کے لیے ہی نہیں بلکہ کسی بھی قسم کے تکلیف دہ حالات کے لیے بہت حساس ہوتے ہیں یہ لوگ تکلیف پر بہت جلدی ناگواری اور منفی جذبات کا اظہار بھی کرتے ہیں اس تحقیقی ریسرچ میں61 ہسپانوی ،63 امریکی،افریقی اور 82غیر ہسپانوی گورے شامل تھے ان سے گرم برتن مس کیا گیا بہت ٹھنڈے پانی میں ہاتھ ڈبوئے گئے تکلیف کے جو تجربے کیے گئے ان میں سب سے کمزور اور حساس غیر ہسپانوی گورے ثابت ہوئے تمام تجربار اور مشاہدات کے بعد تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ راجر فلنگم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ جتنا زیادہ نسلی امتاز ہوتا ہے تکلیف کا احساس بھی بڑھتا چلا جاتا ہے یہاں میں مضمون ختم کرتی ہوں باقی اگلے کالم میں پھر کبھی !

Mrs Khakwani

Mrs Khakwani

تحریر : مسز جمشید خاکوانی