اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی اور بھورے والا ایکسپریس کے نام سے مشہور سابق فاسٹ بولر وقار یونس کے درمیان لفظی جنگ شروع ہو گئی۔
نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دور کے بہترین فاسٹ بولر وقار یونس کے حوالے سے ایک انٹرویو کے دوران بات کی جس پر وقار یونس چراغ پا ہوگئے۔
ایک انٹرویو میں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ وقار یونس پر کئی جانب سے اعتراضات کے باوجود انہوں نے وقار یونس کو کوچ بنایا لیکن وہ اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
اس پر وقار یونس نے سوشل میڈیا پر جواباً کہا کہ ‘دیکھو سفارشی ہونے کا الزام کون لگا رہا ہے’۔
سابق کوچ اور کپتان وقار یونس نے نجم سیٹھی کی بات پر سوشل میڈیا پر طنزیہ کہا کہ ‘سفارشی ٹولا۔۔ یہ دیکھو کہ یہ بول کون رہا ہے، کمال کرتے ہو آپ بھی نجم سیٹھی صاحب کچھ بھی بولتے رہتے ہو، کرکٹ میں اب آپ کا دور ختم ہوگیا، اب آپ اپنی گندی سیاست کے ساتھ چمٹے رہیے’۔