کراچی (جیوڈیسک) سپریم کورٹ کے حکم پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کو ایک ماہ مکمل ہو گیا۔ کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) نے انسداد تجاوزات آپریشن کے حوالے سے شہر کے تمام اضلاع کی رپورٹ تیار کرلی ہے جس کے مطابق ایک ماہ کے دوران 7 ہزار دکانیں اور 10 ہزار سے زائد سن شیڈ گرائے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ آپریشن میں 5 ہزار سے زائد وال فکسچر، 2 ہزار سے زائد تھلے اور چبوترے گرائےگئے جب کہ کارروائی میں ایمپریس مارکیٹ میں بھی 2 منزلہ عمارت گرائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ضلع جنوبی کے تین علاقوں میں 1706 دکانوں اور تجاوزات کو گرایا گیا، ضلع وسطی میں 9 مقامات پر 302 دکانیں اور متعدد شادی ہالز گرائےگئے، ضلع کورنگی میں 4 مقامات پر 280 دکانیں، 6 ہوٹل اور دیگر تعمیرات گرائی گئیں جب کہ ضلع شرقی میں 11 دکانیں اور 200 سے زائد دیگر تجاوزات گرائی گئیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ ضلع ملیر اور ضلع کاؤنسل ملیر میں تجاوزات کے خلاف کوئی آپریشن نہیں کیا گیا، دونوں اضلاع میں پیپلز پارٹی کے منتخب بلدیاتی چیئرمین اور اکثریت ہے۔
کے ایم سی کے ذرائع کا کہنا ہےکہ ملیر میں تجاوزات کی بھرمار ہے لیکن کے ایم سی کے ساتھ تعاون نہیں کیا جاتا۔
کے ایم سی حکام کے مطابق آپریشن کی تفصیلات کمشنر کراچی کو بھیجی جائیں گی۔