گجرات کی خبریں 5/12/2018

GPI

GPI

گجرات (جی پی آئی) APPNA ایسوسی ایشن آف پاکستانی فزیشنز آف نارتھ امریکہ اور عائشہ بشیر ٹرسٹ کے زیر اہتمام 12 دسمبر سے 18 دسمبر تک عائشہ بشیر ٹرسٹ ہسپتال میں پلاسٹک سرجری کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں امریکہ سے آنے والے ماہر پلاسٹک سرجن ڈاکٹرز مریضوں کو چیک کریں گے اور ان کے آپریشن کیے جائیں گے۔ ڈاکٹر اعجاز بشیر چیئرمین عائشہ بشیر ٹرسٹ ہسپتال نے بتایا ہے کہ اس کیمپ میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم بلکل فری مریضوں کو چیک کرے گی اور ان کے آپریشن کیے جائیں گے ۔ عائشہ بشیر کلفٹ ہسپتال خدمت خلق کیلئے کام کر رہا ہے ۔ ہر سال سینکڑوں مریضوں کا چیک اپ کیا جاتا ہے۔ یہ سلسلہ خدمت خلق کیلئے شروع کیا گیا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) دی گجرات لائنز کلب کی ماہانہ میٹنگ آج 5دسمبر ساڑھے چھ بجے شام حویلی ریسٹورنٹ میں منعقد ہو رہی ہے جس کی صدارت صدر گجرات لائنز کلب فراز ملک کریں گے جبکہ سیکرٹری جنرل خرم شہزاد کی طرف سے تمام ممبران کو دعوت نامے جاری کر دئیے گئے ہیں تمام ممبران وقت مقررہ پر اجلاس میں شریک ہوں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سجادہ نشین آستانہ عالیہ شہنشاہ ولایت پیر سید سعید احمد گجراتی گزشتہ روز تعزیت کیلئے موضع کوٹلہ سارنگ گئے اور پیر سید مزمل حسین شاہ کی بھاوج کی وفات پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اس موقع پر ممتاز روحانی شخصیت پیر ضیاء اشرفی لالہ موسیٰ ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، قاری محمد شعیب جلالی ، لالہ موسیٰ کے ممتاز صحافی خورشید احمد ندیم بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) سجادہ نشین آستانہ عالیہ شہنشاہ ولایت پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے کہا ہے کہ تعلیم معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے اور علماء کرام لوگوں کو قرآن و حدیث کی تعلیم دے کر مقدس فریضہ سرانجام دیتے ہیں ہم سب کا فرض ہے کہ دین کی تعلیم دینے والوں کی حوصلہ افزائی کریں وہ گزشتہ روز موضع کوٹلہ سارنگ میں شاہ چراغ اکیڈمی کے زیر اہتمام جامع شاہ جماعت و فالکن پبلک سکول کے دورہ کے دوران کیا ان کا استقبال صاحبزادہ پیر سید مزمل حسین شاہ جماعتی صدر مرکزی علماء کونسل یوکے نے کیا انہوں نے کہا کہ کوٹلہ سارنگ جیسے قصبہ میں ایک شاندار تعلیمی ادارہ جس میں دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم بھی دی جاتی ہے بہت بڑا کارنامہ ہے پیر سید مزمل حسین جماعتی اور ان کی ٹیم کی کاوشیں قابل تحسین ہیں ہم ان کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ، پیر سید مزمل حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ اس علاقہ میں بچوں کی بہتر تعلیم و تربیت کی فراہمی میرا مشن ہے اور اس مشن کے تحت یہ ادارہ قائم کیا ہے جس میں بچوں کو تمام تر سہولیات فراہم کی جاتی ہیں اس موقع پر علامہ ضیاء اللہ اشرفی ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری و دیگر بھی موجود تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ممتاز بینکار محمد سلیم بھٹی اسسٹنٹ وائس پریزیڈنٹ و مینجر ایم سی بی بینک بھمبر روڈ کی صاحبزادی کی تقریب رخصتی مقامی میرج ہال میں منعقد ہوئی بارات کا استقبال محمد سلیم بھٹی ، صاحبزادہ سید حسن محمود شاہ گجراتی ، اے ڈی سی جی ملک غضنفر علی اعوان ، برگیڈیئر عرفان میر ، میجر محمد ندیم ، و دیگر نے کیا نکاح صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے پڑھایا اور دعا کروائی اس موقع پر ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور انداز میں شرکت کی جن میں ایم پی اے چوہدری سلیم سرور جوڑا ، برگیڈیئر عرفان میر ، صاحبزادہ سید حسن محمود شاہ گجراتی ، اے ڈی سی جی ملک غضنفر علی اعوان ، میجر محمد ندیم ، ڈی ایس پی لیگل اختر محمود گوندل ، میاں پرویز اختر پگانوالہ ، ڈاکٹر اکرام ، ڈاکٹر شفیق ، ڈاکٹر ظفر گل ، ڈاکٹر شہزاد ، عارف علی میر ایڈووکیٹ ، شہباز ایڈووکیٹ ، راجہ تصدق ، راجہ رشید جرال ایڈووکیٹ ، راجہ شفاقت ایڈووکیٹ ، ملک امجد حسین اعوان ، عثمان منظور دھدرا ، وسیم اشرف بٹ ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، ممتاز بینکار ریجنل منیجر ایم سی بی محمد یعقوب ، ریجنل آپریشنل منیجر عاشق علی ، چوہدری سجاد لاہنکا ، عامر میر ، چوہدری ماجد ، چوہدری سجاد ، محمد عدنان ، محمد رمضان و دیگر شامل تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی)میلاد مصطفی ْۖ خوش قسم انسان مناتے ہیں اور جو لوگ ان محافل میں شریک ہوتے ہیں ان پر اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار ممتاز عالم دین سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھٹی کے شریف صاحبزادہ پیر محمد کاشف چشتی نے گزشتہ روز 20ویں سالانہ عظیم الشان محفل نعت عقیدت کے پھول کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا انہوںنے کہا کہ بزم لبیک یا رسول اللہ ْۖ کے نوجوان عمر شریف قادری کی سربراہی میں فروغ عشق مصطفی ْۖ کیلئے کام کر رہے ہیں یہ ایک تاریخی محفل نعت ہے جس میں پاکستان کے مایہ ناز علمائے کرام و مشائخ عظائم شریک ہوتے ہیں اور میرے والد محترم پیر محمد عارف چشتی کی عمر شریف قادری سے خصوصی محبت و پیار تھا اور ہم اسی مشن کے تحت حاضر ہوتے ہیں اور جو لوگ میلاد کی محافل سجاتے ہیں یا ان میں شریک ہوتے ہیں ان پر اللہ تعالیٰ خصوصی انعام و اکرام کی بارش کرتا ہے ۔ یہ محافل ہمیں جہاں فروغ عشق مصطفی ْۖ سکھاتی ہیں وہیں ہمیں نماز روزہ و دیگر اسلامی احکامات پر عمل پیرا ہونے کا درس بھی دیتی ہیں دنیا میں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں جو تنہائی میں اللہ کو راضی کرتے ہیں اس موقع پر ملک کے ممتاز ثناء خوانِ رسول نے بھرپور انداز میں شرکت کی اور بزم لبیک یا رسول اللہ ْۖ کے نوجوانوں کے جذبہ و عقیدت کو سراہا ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ضلع گجرات کی ممتاز مذہبی تنظیم بزم لبیک یا رسول اللہ ۖ کے زیر اہتمام 20ویں سالانہ عظیم الشان محفل نعت ” عقیدت کے پھول ” کی صدارت ممتا ز روحانی شخصیت پیر سید ظہیر الدین گیلانی نے کی جبکہ اس موقع پر ممتاز علماء کرام مشائخ عظائم کی کثیر تعداد موجود تھی ، ہدیہ نعت بحضور سرور کائنات ْۖ شکیل اشرف سیالکوٹ ، سرور حسین نقشبندی لاہور ، قدیر بٹ دینہ ، افضال نقشبندی گجرات ، شفقت اللہ قادری کھیپڑانوالہ شریف ، محمد علی سیفی و دیگر نے پیش کیا ، جبکہ نقابت کے فرائض عالمی شہرت یافتہ نقیب محفل خاور بشیر بٹ گولڑوی اور محمد ابوبکر عربی نے سرانجام دئیے جبکہ اس موقع پر صدر پنجاب نعت کونسل شیخ عرفان پرویز ، صدر قمر اکیڈمی افضل کپور ، صدر بزم غوثیہ وزیرآباد ملک محمد یوسف چاند ، سیٹھ محمد جمیل سیالکوٹ ، حاجی محمد اقبال گھمن ، حاجی رشید احمد بٹ ، چوہدری احتشام برکت ، چوہدری یاسر امین مرل ایڈووکیٹ ، حاجی محمد آصف یونیک یونیفارم ، شیخ عامر اشرف ، علامہ محمد مشتاق رضا گولڑوی ، ڈاکٹر صوفی محمد کامران چشتی ، صاحبزادہ عامر رضوان قادری ،تنویر احمد بھٹی ، نثار احمد نثاری، مقصود رضا ، مظہر عزیز قادری نے شرکت کی ۔ اس موقع پر بزم لبیک یا رسول اللہ ْۖ کے صدر منصور اختر قادری و اراکین سلمان فضل ، سکندر رشید ، رمیض رضا ، رمیض نوما ، عثمان رفیق ، شیراز بٹ ، افتخار احمد ، زاہد پہلوان ، دلدار احمد ، رضا ، شاہزیب ، ملک احسن ، بلال و دیگر کارکنوں کے بھرپور انداز میں اپنے فرائض منصبی سرانجام دئیے جبکہ اہل علاقہ نے بھرپور انداز میں شرکت کی ۔
۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) بچوں کو تفریح کی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کا فریضہ ہے ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر پاپولیشن ویلفیئر عفت کمال نے گزشتہ روز سینٹ میرز سکول میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام فن فیئر کے موقع اظہار خیال کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ اگر نوجوان نسل کی بہتر انداز میں راہنمائی کی جائے اور حوصلہ افزائی کی جائے تو وہ ترقی کی منازل باآسانی طے کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ سینٹ میرز سکول میں بچوں کی بہترین تعلیم و تربیت کیلئے کام ہوتا ہے اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ نوجوان نسل کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کرتا رہے گا اس موقع پر ڈاکٹر دانیا ، سائیکالوجسٹ مس روبیل ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، وسیم و دیگر بھی موجود تھے اس موقع پر بچوں نے خوبصورت انداز میں ٹیلبو پیش کیے جنہیں لوگوں نے بے حد سراہا بچوں نے مختلف پروگراموں میں حصہ لیا جن میں ٹیبلو ، ملی نغمات ، کلام اقبال ، و دیگر شامل تھے ۔بچوں کیلئے کھانے پینے کے سٹالز اور جھولے بھی لگائے گئے تھے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی ہے کہ وزیر اعظم شکایات سیل اور چیف منسٹر شکایات سیل سے موصول ہونیوالی عوامی شکایات کا ترجیحی بنیادوں پر ازالہ کرکے رپورٹ متعلقہ پورٹل پر اپ لوڈ کی جائیں،صنعتی نمائش کے انعقاد کیلئے چیمبر آف کامرس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی، ٹریفک پولیس جلالپور جٹاں کے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مقررہ اوقات میں ہیوی ٹریفک کو بائیپاس کیطرف موڑنے کیلئے اقدامات کرے، ان خیالات کا اظہار انہوںنے وزیر اعظم پورٹل اور وزیر اعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب کیطرف سے موصول ہونیوالی شکایات پر عمل درآمد کے جائزہ اجلاس، چیمبر آف کامرس کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ڈاکٹر رانی حفصہ کنول، ملک غضنفر علی اعوان، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر عمران بشیر،اے سی کھاریاں فیصل مانگٹ، صدر چیمبر آف کامرس عامر نعمان ، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر زاہد تنویر،ڈی ایس پی ٹریفک سہیل فاضل، چیف آفیسرز عظمت قدیر وڑائچ، محمود اقبال گوندل و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز متعلقہ تحصیلوں کے حوالے سے شکایات کے ازالے اور بروقت رپورٹ کے لئے فوکل پرسن ہونگے جو تمام محکموں کے ہفتہ وار میٹنگز کرکے عمل درآمد کا جائزہ لیں گے۔ چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوںنے ڈی ایس پی ٹریفک کو ہدایت کی کہ رش کے اوقات میں جلالپور جٹاں جانیوالی ہیوی ٹریفک کو بائی پاس کیطرف موڑ دیا جائے، ریت مٹی لیجانیوالی ٹریکٹر ٹرالی پر ترپال لازمی ہوگی ، خلاف ورزی کرنیوالے ڈرائیورز کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گجرات کے شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کیلئے صنعتی نمائش کیساتھ دیگر پروگرامز کا بھی انعقاد کیا جائے گا ۔ انہوںنے کہا کہ جلالپور جٹاں کیلئے ریسکیو1122کی ایمبولینس موجود ہیں ، سول ہسپتال میں سہولیات کا جائزہ لیکر ان میں بہتری کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر زاہد تنویر نے ٹی ایچ کیو ڈنگہ،آر ایچ سی ڈنگہ،آر ایچ سی دلانوالہ، بی ایچ یو کھوجہ کا اچانک دورہ کیا، ڈاکٹرز و سٹاف کی حاضری، صفائی کی صورتحال چیک کی اور مریضوں سے فراہم کی جانیوالی سہولیات بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر گجرات کی ہدایت پر دورہ کے موقع پر سی ای او ہیلتھ نے ہسپتالوں کے ایمرجنسی، میڈیکل ، سرجیکل وارڈز ، ڈسپنسری کا بھی معائنہ کیا اور ادویات کا ریکارڈ چیک کیا۔ انہوںنے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز و طبی عملہ مریضوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے دستیاب وسائل کو بہتر طریقے سے برئوے کار لائے، ہر مریض کا تسلی سے چیک اپ کیا جائے، میڈیکل ہسٹری معلوم کی جائے ، انہیں مفت ادویات کی فراہمی استعمال کا طریقہ اور حسب ضرورت آئندہ چیک اپ کی تاریخ بارے بھی آگاہ کیا جائے ۔ ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) لالہ موسٰی،بھابی کو قتل کرنے والا دیور،پولیس نے بہترین کاروائی کرتے ہوئے عرصہ ایک ماہ سے روپوش ملزم کو گرفتار کرلیا ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر لالہ موسیٰ کے گاؤں سکھ چینا ں میں ملزم اسجد علی ولد نیاز علی قوم حجام سکنہ سکھ چینا ں نے اپنی بھابھی کو تنازعہ پر فائر مار کر قتل کر کے روپوش ہو گیا تھا۔قتل کی اس انددوناک واردات پر ڈی پی او گجرات سید علی محسن نے ڈی ایس پی لالہ موسیٰ سرکل ریاض الحق کو سفاک ملزم کی گرفتاری کا خصوصی ٹاسک دیا۔جس پر ایس ایچ او تھانہ صدر لالہ موسیٰSI مجاہد عباس اور دیگر پولیس افسران پر مشتمل خصوصی ٹیم تشکیل دی گئے جنہوں نے وقوعہ کی تمام پہلوؤں پر پیشہ وارانہ طر یقے سے تفتیش کرتے ہوئے عرصہ ایک ماہ سے روپوش سفاک ملزم جو کہ واقعہ کے بعد کراچی روپوش ہو گیا تھا کو ٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔دوران انٹیروگیشن ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ملزم کے قبضہ سے آلہ قتل پسٹل 30بو ر بھی برآمد کر لیا گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات سید علی محسن نے قتل کی واردات ٹریس کر نے اور ملزم کو گرفتار کرنے والی ٹیم کو سر ٹیفیکٹ اور نقد انعا م سے نوازا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) نا جائز تعلقات کا عبرت ناک انجام،بھائی سے بھی تعلقات استوار کرنے کی کوشش پر سفاک ملزم نے چھریوں کے وار کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا گیا۔پولیس کی بر قت کاروائی واردات کے دو گھنٹے بعد ہی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ دولت نگر کے گاوں بھکڑے والی میں ایک شخص کو چھریوں کے وار کر کے قتل کرنے کی اطلاع موصول ہوئی۔جس پر ڈی ایس پی صدر سرکل سعید اللہ خان ایس ایچ او تھانہ دولت نگر SIعامر شہباز،انچارج ہومی سائیڈ معہ ٹیم جائے واردات پر پہنچے اور جائے وقوعہ سے حقائق اکٹھے کئے۔دوران تفتیش معلوم ہوا کہ ملزم اظہر نبیل افضل نے تنازعہ پر وسیم احمد مقتول کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات سید علی محسن نے ڈی ایس پی صدر سرکل سعید اللہ خان کو سفاک ملزم کی گرفتاری کے لئے خصوصی احکامات جاری کئے۔ جس پر SHOدولت نگر عامر شہباز،SIافضال اعظم انچارج ہومی سائیڈ اور دیگر افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دے کر مختلف علاقوں میں ریڈ کرنے کے بعد ملزم کو واردات کے دو گھنٹے کے اندر ہی گرفتار کر لیا۔دوران انٹیروگیشن ملزم نے ہوشرباء انکشاف کر دئیے ملزم نے بتایا کہ اس کے مقتول وسیم احمد ولد حمید خان کے ساتھ ناجائز جسمانی تعلقات تھے۔ مقتول وسیم نے میرے بھائی کے ساتھ بھی ناجائز تعلقات استوار کرنے کی کوشش کی جس پر میں شدید اشتعال میں آ گیا۔اور مسمی وسیم احمد کو چھریوں کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتارکر موقع سے فرار ہو گیا۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر گجرات سید علی محسن نے سفاک ملزم کو گرفتارکرنے والی ٹیم کو شاباش دی اور تعریفی سرٹیفیکٹ اور نقد انعام سے بھی نوازا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
گجرات (جی پی آئی) یونیورسٹی آف گجرات میں جی آر ای انٹرنیشنل ٹیسٹ فلبرائٹ سکالرشپ کے حوالہ سے طلبہ کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک تعارفی سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔ اس تعارفی سیمینار کا انعقاد سٹوڈنٹس سروسز سنٹر نے یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فائونڈیشن پاکستانUSEFPکے اشتراک سے کیا تھا۔ اس سیمینارکا مقصد ان طلبا و طالبات اور اساتذہ، جو بیرون ملک اعلیٰ تعلیم کے حصول کے سلسلہ میں سر گرم ہیں ،کو گریجوایٹ ریکارڈ ایگزامینشین نیز فلبرائٹ سکالرشپ کے سلسلہ میں معلومات فراہم کرنا اور راہنمائی و معاونت مہیا کرنا تھا۔ اس سیمینار میں جامعہ گجرات کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے تقریباً100کے قریب طلبا وطالبات اور فیکلٹی ممبرز نے شرکت کی۔ ان طلبا و طالبات کا تعلق بی ایس، ایم ایس سی اور ایم فل کی کلاسوں سے تھا۔ اس تربیتی سیمینارکے فوکل پرسن SSCجامعہ گجرات کے بلال اشرف تھے ۔USEFPکے امان بشیر نے جی آر ای اور فلبرائٹ سکالرشپ کے حوالہ سے طلبہ و اساتذہ کو مفید معلومات بہم پہنچائیں۔ پاکستان فلبرائٹ پروگرام کے تحت سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبا و طالبات کو حکومت امریکہ کی جانب سے مکمل مالی معاونت فراہم کرتے ہوئے میرٹ پر وظائف مہیا کیے جاتے ہیں۔ یاد رہے کہ جامعہ گجرات ایک ورلڈ کلاس یونیورسٹی بننے کی راہوں پر گامزن ہے۔ یہاں کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کی ایک بہت بڑی تعداد بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کی خواہاں ہوتی ہے اس لیے جہاں اور بہت سے شعبہ جات میں جامعہ گجرات اپنے طلبا و طالبات و اساتذہ کی بہترین راہنمائی کا فریضہ سر انجام دے رہی ہے وہاں یہ بھی ضروری سمجھا گیا ہے کہ بیرون ملک اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرنے کے لیے طلبا و طالبات اور اساتذہ کو راہنمائی مہیا کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) چیئر مین کراچی تاجر الائنس ایسو سی ایشن و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ ناجائز تجاوزات کو ختم کرنے کے حق میں ہیں مگر جو لوگ قیام پاکستان کے وقتوں سے بیٹھے ہوئے ہیں ان کے سروں سے چھتیں نہ چھینی جائیں ، ہم سے اب بے گھر لوگوں کا دکھ نہیں جاتا ، چیف جسٹس صاحب اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں بے گھر عوام کے لیے متبادل انتظام ابھی تک سامنے نہیں آیا مگر گھروں کو بے دردری سے توڑنے کا سلسلہ ابھی تک جاری ہے، ان خیالات کااظہار انہوں نے کریم آباد میں کراچی تاجر الائنس ایسوسی ایشن کے دفتر میں عہدیدارا ن سے ملاقات کے دوران کیا، ایاز میمن موتی والا نے کہا کہ کراچی میں قبضہ مافیا نے پورے شہر کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور بہت سے ایسے لوگ ہیں جو جائز مالکانہ حقوق رکھتے ہیں مگر قبضہ مافیا نے ان کی زمینوں اور گھروں پر قبضہ کیا ہوا ہے ، انہوںنے کہاکہ لینڈ مافیاصرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان میں موجود ہے، جو لوگ ناجائز قبضہ کر کے بیٹھے ہوئے ہیں ان کو ہٹانا اور ان سے قبضہ چھڑانا خوش آئند کام ہے مگر اس آپریشن کی زد میں ایسے لوگ بھی آرہے ہیں جن کے پاس مکانوں اور گھرو ں کے علاوہ کچھ نہیں ہے ان کے لئے حکومت کو کوئی جامع لائحہ عمل بنانا پڑیگا اور کسی مناسب متبادل جگہ کا انتظام کر نا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ ناجائز تجاوزات کے ساتھ اس مافیا کا خاتمہ بھی ضروری ہے جو ایسی تجاوزات کو قائم کرتے ہیں یا کسی بھی قسم کے سہولت کار بنتے ہیں کراچی میں ایسے لوگ بھی ہیں جو قیام پاکستان سے شہر قائد میں رہائش پذیرہیں اور ابھی تک اسی شہر کے باسی ہیں ہم سمجھتے ہیں کہ ان کے سروں سے ان کی چھت نہ چھینی جائے ، حکومت نے عوام سے گھر اور روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن غریب عوام سے ان کے گھر اور ان کی دوکانوں کو چھیننا ان سے چھت اور روزگار دونوں چھیننے کے مترادف ہے ،انہوں نے کہا کہ کراچی میں ناجائز تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن پر حکومت کو کراچی کی عوام کو اعتماد میں لیتے ہوئے بتانا چاہیے کہ یہ آپریشن کن کن علاقوں میں کیا جائے گا،کیونکہ حالیہ آپریشن نے شہر کی عوام میں ایک عجیب سے بے چینی اور عوام کو شدید ذہنی تنائو کا شکار کر دیا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کراچی تاجر الائنس ایسو سی ایشن چیف جسٹس صاحب سے اپیل کر تی ہے کہ کراچی میں ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے فیصلے پر نظر ثانی کریں اور اس سے متاثر ہونے والے غریب لوگوں کی بحالی کے لیئے جامع منصوبہ بندی بنائیں اور حکومت کو بھی ایسے اقدامات کرنا ہونگے جس سے ایک عام اور غریب شہری متاثر نہ ہو ں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) سنی تحریک کے سربراہ علامہ بلال سلیم قادری نے تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کی سربراہ مفتی منیب الرحمن کی گزشتہ روز میںہو نے والی پریس کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہے کہ مفتی منیب الرحمن نے حکومت سے جو مطالبات کیے ہیں ہم ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہیں ، پوری دنیا کی طرح جائز مطالبات کے لیے پر امن احتجاج ہمارا بھی حق ہے ہم نے ہمیشہ ریاستی جبر وتشدد کے خلاف آواز اٹھائی اور کبھی کسی ظلم کا حصہ نہیں بنے ، کارکنوں کو ہمیشہ اداروں سے محبت کرنے کا درس دیا ہمارے کارکنان ملک سے محبت کرنے والے لوگ ہیں، ریا ستی امور میں مداخلت سے ہمیں کیا مل سکتا ہے ہم معاشرے میں انتشار پھیلانے والے نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول سے محبت کرنے والے لوگ ہیں ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے قادری ہائوس میں کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا، علامہ بلال سلیم قادری نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں اور احتجاج بھی ہمیشہ امن کے دائر میں رہ کر کیا، آسیہ ملعونہ کیس میں پٹیشن میں نظر ثانی کے لیے فل کورٹ بینچ ہو نا چاہیے تھا جو کیس کی ایک مرتبہ پھر اسلامی آئین و قانون کے تما م زاویوں کو سامنے رکھتے ہو ئے پیروی کرتا ، عاشقان رسول کا لیبل لگا کر جن لوگوں نے اپنی سیاست کو چمکایا ان کے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں ، پاک فوج کل بھی ہماری تھی آج بھی ہماری ہے ہم کل بھی ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے او ر آج بھی کھڑے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اپنے جائز مطالبات اور حق کے لئے پر امن احتجاج ہر پاکستانی شہری کا حق ہے اور تاریخ گواہ ہے کہ پر امن احتجاج ہمیشہ حکومتی ہٹ دھر می اور ذاتی انا کی وجہ سے بے اعتدالی کا شکار ہوتاہے ، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے پر امن احتجاج آگے جاکر بے اعتدالی کی صورت اختیا ر کرگئے انہوں نے کہا کہ علماء کرام کا اسلامی معاشرے میںایک اہم کردار ہوتاہے اور وہ معاشرہ کبھی ترقی نہیں کر سکتا جہاں عالم دین اور اسلامی قدروں کی پاسداری کرنے والوں کی عزت نہ ہو ، انہوںنے مزید کہا کہ عشق رسول کو جر م نہ بنایا جائے ناموس رسالت کا تحفظ صرف ہمارا ہی نہیں حکومت کا بھی فرض ہے ۔
۔۔۔۔۔۔
لاہور (جی پی آئی) وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے پہلے صدر ،جامعة المنتظر کے مہتمم اور ملک کی ممتاز دینی ،علمی شخصیت محسن ملت حضرت علامہ سید صفدر حسین نجفی کی 29ویں برسی منائی گئی۔جامع علی مسجدمیں قرآن خوانی ہوئی جس میں رئیس الوفاق آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی، علامہ محمد افضل حیدری، مولانا محمد ظفر نقوی ،مولانا مہدی حسن، جامعة المنتظر کے علماء ،طلباء و مومنین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ محسن ملت کے شاگردمولانا سید انوار حسین شمسی نے برسی کے پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے علامہ سید صفدر حسین نجفی کی شخصیت کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مرحوم شروع ہی سے محنتی، خود دار اور مخلص تھے ۔دین سے محبت اور تحصیل علم کا اتنا شوق تھا کہ پاکستان میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد سندھ سے کراچی پیدل پہنچے اور بصرہ کا سفر بحری جہاز سے طے کیا اور عراق کے شہر حلّہ سے نجف اشرف تک پیدل سفر کیا۔زمانہ طالبعلمی سے ہی سادگی ،قناعت اور تقویٰ ان کی نمایاں خصوصیات تھیں۔انہوں نے کہا کہ علامہ صفدر حسین نجفی نجف اشرف سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد جامعة المنتظرسے وابستہ ہوگئے اورمدارس دینیہ قائم کرنے کی تڑپ کے ساتھ ملک بھر میں کراچی سے کشمیر و بلتستان تک مدارس قائم کیے ۔بیرون ملک بھی متعدد ممالک میں مدار س کی تاسیس کی۔جبکہ کافی تعداد میں کتب تصانیف اور ترجمہ کیں۔مساجد کی تعمیر میں کافی مدد کرتے تھے۔بغیر اجرت و لالچ کے مجالس و تبلیغی پروگراموں سے خطاب کرتے تھے حتیٰ کہ عشرہ محرم الحرام کی فیس نہ بھی ملتی تو کبھی ناگواری کا اظہار نہیں کیا۔قومی مسائل واجتماعیات میں پیش پیش رہتے لیکن خود کسی منصب و عہدہ کی خواہش نہیں کرتے تھے۔ ان کی فکر، تبلیغ اور نصیحت میں ہمیشہ ”فقط اللہ کیلئے کام کرنا” سر فہرست تھااور وہ خود اس پر ہمیشہ کاربند رہے۔ذاتی زندگی میں حد درجہ قناعت اور کفایت شعاری سے کام لیتے تھے لیکن دینی کاموں میں اپنی جیب سے فراخ دلی سے خرچ کرتے تھے۔ان کی مذہبی و دینی خدمات و فعالیت کے پیش نظر رہبر انقلاب ِاسلامی حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے ان الفاظ میں خراج ِ تحسین پیش کیا تھا ”سید صفدرحسین اللہ کی راہ میں ایک قدم اٹھاتے ہیں تو اللہ تعالیٰ ان کیلئے آسانیاں پیدا کردیتا ہے”۔ان کے ہزاروں شاگرد اندرون و بیرون ملک مساجد ، مدارس، منبر حسینی نیز علمی و تحقیقی اداروں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
کراچی (جی پی آئی) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے جنرل سیکریٹری و پارلیامانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا سندھ حکومت نے ہر سال صحت کا بجیٹ وزن کاغذوں میں تو بڑھا دیا لیکن عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات تک میسر نہیں ہیں، اب تو مائیں سڑکوں بچوں کو جنم دینے میں مجبور ہیں، پیر جوگوٹھ میں رازل جوگی نے سرکاری سطح پر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سڑک پر ہی اپنے بچے کو جنم دے دیا ہے عوام کا یہ حالت زار سندھ حکومت کے لئے لمحہ فکریہ ہے، سندھ کے وزراء اپنی کرپشن میں چھپانے میں مشغول ہیں۔ تھرپارکر میں بھی موت کا رقص جاری ہے صحت کی سہولیات کے فقدان اور غذائی قلت کے باعث مٹھی کی اسپتال میں رواں ماہ 70سے زائد بچے فوت ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال ان کا تعداد 605سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔ سندھ حکومت خالی نوٹس لینے اور دعوئوں تک محدود نظر آتی ہے جبکہ عملی طور سرکاری اسپتالیں عوام الناس کے لئے فائدہ پہنچانے میں ناکام گئیں ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح زرداری اور اس کے لوگوں نے جس طرح سندھ کی عوام کو لوٹا ہے اس کا مثال ماضی میں نہیں ملتا ۔ زرداری کی کرپشن کی داستان صدیوں تک یاد رہے گی۔ عوام کے نام پر اپنے محلات بنانے والوں کو معلوم نہیں کہ کفن میں کوئی جیب نہیں ہوتی ہے نہ ہی قبر میں تجوڑیاں ، عوام کے حقوق کھانے والوں کو اسی دنیا میں حساب دینا پڑے گا۔ آج پیپلزپارٹی
کے وزراء زرداری بلاول سمیت نیب کو مطلوب ہیں ، نوازشریف خاندان کرپشن کی وجہ سے دنیا میں رسوا اور خوار ہوچکا ہے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔