اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت پہنچے جہاں انہوں نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کی بات پر عوام نے خوشی کا اظہار کیا ہے اور عوام خوش ہیں کہ جلد ہماری جان چھوٹنے والی ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم سنجیدہ سیاست کے قائل ہیں اور مسلم لیگ (ن) قبل از وقت انتخابات کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ فافن کی رپورٹ کے مطابق 53 حلقوں میں جیت کا مارجن مسترد ووٹوں سے کم ہے اور رپورٹ سے ظاہر ہے کہ 53حلقوں میں دھاندلی ہوئی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں سینئر صحافیوں اور اینکر پرسنز سے ملاقات کی جس کے دوران انہوں نے ملکی سیاسی، معاشی اور خارجہ امور سے متعلق بات چیت کی۔
اس موقع پر صحافیوں کے سوالات کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے معاملے میں ہماری دلچسپی ہے اور ہوسکتا ہے کہ ملک میں قبل از وقت انتخابات ہوں۔