الزامات عائد کرنے والی امریکی صحافی نے پریانکا اور نک جونس سے معذرت کر لی

 Nick Jonas - Priyanka

Nick Jonas – Priyanka

نیویارک (جیوڈیسک) بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑہ اور امریکی گلوکار نک جونس کی شادی پر الزامات عائد کرنے والی امریکی صحافی نے معذرت کرلی۔

پریانکا اور نک جونس حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، ان کی شادی کے بعد امریکی خبر رساں ادارے ‘نیو یارک ٹائمز’ کے ذیلی میگزین ’دی کٹ’ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں انکشاف کیا گیا تھا کہ یہ شادی محض ایک دھوکا ہے اور دونوں نے ایک دوسرے کی شہرت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی ہے۔

اس مضمون پر پریانکا چوپڑہ نے کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم نک جونس کے اہلخانہ نے ٹوئٹر پر اس کی شدید مذمت کی تھی۔

اور اب اَپ ڈیٹ یہ ہے کہ یہ مضمون لکھنے والی صحافی ماریہ اسمتھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں معافی مانگ لی ہے۔

ماریہ اسمتھ لکھتی ہیں کہ ‘میں پریانکا، نک جونس اور اُن تمام قارئین سے معذرت خواہ ہوں، جن کے جذبات میرے الفاظ کی وجہ سے مجروح ہوئے، میں نسل پرستی، اجنبیوں سے نفرت اور جنسی تفریق کو قبول نہیں کرتی‘۔

انہوں نے مزید لکھا ’میں اس کی پوری ذمہ داری لیتی ہوں، میں غلط تھی جس کے لیے میں تہہ دل سے معذرت خواہ ہوں‘۔

واضح رہے کہ پریانکا کو مذکورہ آرٹیکل میں’جعلی فنکار‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیا تھا کہ انہوں نے خود سے 10 برس چھوٹے لڑکے کا انتخاب سب کی توجہ مبذول کروانے کے لیے کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی نیوز ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں پریانکا کا کہنا تھا کہ’ میں اپنی جگہ خوش اور مطمئن ہوں، مجھے اس طرح کے تبصرے پریشان نہیں کرسکتے اور نہ ہی میں اس پر کچھ بھی کہنا چاہوں گی‘۔

پریانکا چوپڑا اور نک جونس کی شادی گزشتہ دنوں بھارت کے تاریخی شہر جودھپور کے عمید بھوان پیلس میں ہوئی تھی، جس میں ان کے قریبی دوستوں اور رشتے داروں نے شرکت کی تھی۔

یہ شادی ہندو اور عیسائی مذہبی رسومات کے مطابق انجام پائی جب کہ شادی سے پہلے مہندی اور سنگیت کی تقاریب بھی منعقد کی گئی تھیں۔