وزیراعظم اگر میری وزارت تبدیل کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں: فواد چوہدری

Fawad Chaudhry

Fawad Chaudhry

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم اگر میری وزارت تبدیل کرنا چاہیں تو کر سکتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جس پر وزیراعظم کا اعتماد ہوتا ہے اس کو وزارت سونپی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر وزیراعظم کو لگتا ہے کہ میں بہتر کام کر رہا ہوں تو کام جاری رکھوں گا، وزیراعظم کو لگتا ہے مجھ سے بہتر کوئی اور کام کر سکتا ہے تو یہ ان کا استحقاق ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ میں آج جس مقام پر پہنچا ہوں وہ بھی وزیراعظم اور تحریک انصاف کی وجہ پہنچا ہوں، اگر وزیراعظم کہتے ہیں کہ بطور ایم این اےکام کروں تو وہی کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات میں توقعات بہت زیادہ ہوتی ہیں، لیکن صلہ نہیں ملتا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مجھ سے پوچھ کر تو وزارت تبدیل نہیں کریں گے، اگر وزیراعظم چاہیں تو کل میری وزارت تبدیل کر دیں۔

شیخ رشید سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شیخ رشید رسمی بات نہیں کر رہے تھے، انہوں نے ایسے ہی بات کر دی، کوئی ایشو نہیں ہے، شیخ صاحب سے میرا قریبی تعلق اور دوستی ہے۔

خیال رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید کا لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ میری وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقاتیں ہوئی ہیں اور انہوں نے مجھے وزارت اطلاعات میں آنے کا کہا ہے۔

شیخ رشید کے اس دعوے پر وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ شیخ رشید کے لیے اپنی وزارت چھوڑنے کے لیے تیار ہوں۔