نیب عدالت نے شہباز شریف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ دے دیا

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) نیب عدالت نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا ایک روزہ راہداری ریمانڈر منظور کر لیا۔

سپرنٹنڈنٹ جیل کی جانب سے پراسیکیوٹر وارث جنجوعہ کے توسط سے نیب عدالت میں شہباز شریف کو اسلام آباد لے جانے سے متعلق تحریری درخواست جمع کرادی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ قومی اسمبلی اجلاس کے لیے شہباز شریف کو اسلام آباد لے جانا ہے اس لیے ضروری کارروائی کی اجازت دی جائے۔

نیب عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کی درخواست منظور کرتے ہوئے شہباز شریف کا ایک دن کا راہداری ریمانڈ دے دیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے، عدالت کی جانب سے راہداری ریمانڈ ملنے کے بعد شہباز شریف کو آج دوپہر کوٹ لکھپت جیل سے اسلام آباد لے جایا جائے گا۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف شام کو قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں نیب کے زیر تفتیش ہیں اور عدالت نے ان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی نیب کی درخواست مسترد کرتے ہوئے جوڈیشل ریمارنڈ پر کوٹ لکھپت جیل بھیج رکھا ہے۔