اسلام آباد (جیوڈیسک) جیو فلمز کے بینر تلے بننے والی اینیمیٹڈ فلم ’دی ڈونکی کنگ‘ کو سرچ انجن گوگل نے 2018 میں پاکستان کی مقبول ترین فلم قرار دیا ہے۔
گوگل ہر سال کے اختتام پر اپنے سرچ انجن پر سب سے زیادہ مقبول اور سرچ کیے جانے والے الفاظ، لوگوں اور فلموں کی فہرست جاری کرتا ہے۔
گوگل کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق رواں سال پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول فلموں میں ‘دی ڈونکی کنگ’ واحد پاکستانی فلم تھی۔
گوگل کے مطابق پاکستان میں مقبولیت (ٹرینڈنگ) کے حساب سے پہلے نمبر پر بالی وڈ فلم ’ریس 3‘ تھی جبکہ دوسرے نمبر پر ’سنجو‘، تیسرے نمبر پر ’ٹائیگر زندہ ہے‘ تھی، جیو فلم کی ’دی ڈونکی کنگ‘ چھٹے نمبر پر سب سے مقبول ترین فلم قرار پائی۔
‘دی ڈونکی کنگ ‘کے علاوہ گوگل پر کوئی بھی پاکستان فلم ٹاپ 10 میں جگہ نہیں بنا سکی۔
اس کے علاوہ فلم نمائش سے پہلے اور بعد میں بھی متعدد ریکارڈ اپنے نام کرچکی ہے جس میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی اینیمیٹڈ فلم ہے۔
فلم کا ٹریلر یو ٹیوب پر تیز ترین 50 لاکھ ہٹس لینے والا کامیاب ترین پاکستانی ٹریلر ہے، فلم کا ٹریلر اس سال پاکستان کا کامیاب ترین فلمی ٹریلر ہے جس کو اب تک 51 لاکھ بار دیکھا جاچکا ہے۔
’ڈونکی کنگ‘ کا ٹائٹل سونگ پاکستانی فلمی تاریخ کا دوسرا کامیاب ترین گانا ہے جسے فلم کی ریلیز کے دوران ہی ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے ۔
فلم نے اپنی نمائش کے دوران پہلے ویک اینڈ سے زیادہ دوسرے ویک اینڈ میں اور دوسرے سے زیادہ تیسرے ویک اینڈ میں بزنس کا انوکھا ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔