اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ قومی احتساب بیورو کی حراست میں موجود ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کی حمایت میں بول پڑے۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو 30 سال سے جانتا ہوں اور پیراگون سوسائٹی کیس میں انہیں کرپشن کا کوئی معاملہ نظر نہیں آتا۔
انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کو انصاف ملنا چاہیے، یہ میری پارٹی کی نہیں بلکہ ذاتی رائے ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ کرپشن کیخلاف کارروائی کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ پڑے ہیں اور موجودہ حالات میں کرپشن سب سے بڑا مسئلہ ہے۔
حکومتی رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ نیب سیاستدانوں کیخلاف استعمال نہیں ہورہی، نیب میں صرف 3 فیصد سیاستدانوں اور باقی دیگر لوگوں کیخلاف کارروائی ہورہی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ کے خواجہ سعد رفیق سے متعلق بیان کا نوٹس لے لیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت منسوخ ہونے کے بعد قومی احتساب بیورو نے خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو گرفتار کیا تھا۔
خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق پہلے ہی پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار ہیں اور 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے پاس ہیں۔