کراچی (جیوڈیسک) سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ وہ پہلے تینوں فارمیٹس میں سرفرازاحمد کی کپتانی کی حامی تھے لیکن اب سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ دینی چاہیے اور انہیں ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر فوکس کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آگے ورلڈ کپ آرہا ہے جس میں اچھی کرکٹ ہوگی، سرفراز احمد کو پہلے ہی اپنا مائنڈ بنا لینا چاہیے تھا۔
آفریدی نے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے کراچی میں امن لوٹ آیا ہے اور پورے ملک میں امن وامان کی صورت حال بہتر ہے جس کا کریڈٹ ہمارے سیکیورٹی اداروں کو جاتا ہے۔
یاد رہے کہ سرفراز احمد کے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے سے متعلق سابق کرکٹرز میں شاہد آفریدی کے علاوہ ظہیر عباس اور پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن حسن خان بھی شامل ہیں۔
محسن حسن خان کے سرفراز احمد کے ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کے بیان پر پی سی بی چیئرمین نے سخت برہمی کا اظہار کیا تھا۔
ایشین بریڈ مین کے نام سے مشہور سابق ٹیسٹ کرکٹر ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ سرفراز احمد سے کپتانی تو ہو رہی ہے لیکن وہ پرفارمنس نہیں دے پا رہے اس لیے سرفراز کو ایک فارمیٹ کی کپتانی خود ہی چھوڑ دینی چاہیے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد کپتان سرفراز احمد نے خود بھی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت چھوڑنے کا عندیہ دے چکے ہیں۔