اسلام آباد (جیوڈیسک) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناء اللہ نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ مفاد پرستی کا دوسرا نام شیخ رشید ہے۔
شیخ رشید نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بننے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ دودھ کی رکھوالی پر بلا بٹھانے کے فیصلے سے ہمیں پزیرائی نہیں ملی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر شہباز شریف ایماندار ہیں تو پھر مسلم لیگ ن میں کوئی بھی بے ایمان نہیں ہے۔
وفاقی وزیر کے بیان پر رانا ثناء اللہ نے بھی شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جس طرح یوٹرن کا معنیٰ عمران خان ہے، ویسے ہی مفاد پرستی کا دوسرا نام شیخ رشید ہے۔
انہوں نے شیخ رشید کو عمران خان کا چپڑاسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں نے ہر دور میں جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔
ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت کے نام پر جوکروں کا سرکس جاری ہے، پاکستان کے عوام جلد ہی ان کا محاسبہ کریں گے۔