ماہرینِ غذائیت کا خیال ہے کہ بعض غذائیں کولیسٹرول گھٹانے میں مددگار ہوتی ہیں اور ان کا باقاعدہ استعمال دل اور جسم کی صحت کا ضامن ہوسکتا ہے۔ ذیل میں دی گئی غذائیں سائنسی لحاظ سے صحتمند اور مضر یعنی ایل ڈی ایل کولیسٹرول گھٹانے میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اخروٹ اور دیگر گری دار میوے
بادام، پستے، اخروٹ اور ہیزل نٹ، لو ڈینسٹی لائپو پروٹین کولیسٹرول اور غیر سیر شدہ چکنائیوں کو کم کرسکتےہیں۔ برسوں کی تحقیق سے ان کی افادیت سامنے آچکی ہے۔
پھلیاں اور جو
جو (اوٹس) اور مختلف اقسام کی پھلیاں (بینز) پورے جسم سے کولیسٹرول نکالنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ دوپہر یا شام کے کھانے میں مختلف پھلیوں اور جو کے سیریل کو ضرور استعمال کیا جائے اور گوشت ترک کردیا جائے۔
مگرناشپتی (ایواکیڈو)
مگرناشپتی(ایواکیڈو)اب پاکستان کے بڑے شہروں میں بھی دستیاب ہے۔ مگرناشپتی امائنو ایسڈز سے بھرپور ہے اور اس میں کئی طرح کے کیمیکل ایل ڈی ایل کولیسٹرول گھٹاتے ہیں۔
پودوں میں معمولی مقدار ایسے کیمیکل پائے جاتے ہیں جو کولیسٹرول گھٹانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے ۔ ان کیمیکلز کو اسٹیرول اور اسٹینول کہتے ہیں۔ ان کی دو یا تین گرام مقدار سے بھی ایل ڈی ایل کولیسٹرول کی شرح میں 10 سے 15 فیصد کمی واقع ہوجاتی ہے۔ تاہم یہ دودھ اور دہی کی مصنوعات یا نارنجی کے رس کے ڈبوں میں شامل کرکے فروخت کئے جاتے ہیں۔ اگر بڑے اسٹور پر آپ کو یہ مل جائیں تو ضرور آزمائیں۔
اس کے علاوہ ہرے پتوں والی سبزیاں اور رنگ برنگی پھل بھی کولسٹرول بھگانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور ان کا باقاعدہ استعمال آپ کو بہت سے امراض سے بچاتا ہے۔