لاہور (جیوڈیسک) کیمپ جیل لاہور میں گذشتہ روز انتقال کر جانے والے سرگودھا یونیورسٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میاں جاوید کا پوسٹ مارٹم آج کیا جائے گا۔
میاں جاوید کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے سرگودھا یونیورسٹی کے غیر قانونی کیمپسز کھولنے کے الزام میں رواں برس اکتوبر میں گرفتار کیا گیا تھا۔
وفات کے بعد میاں جاوید کی ہتھکڑیاں لگیں تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جس پر عوامی وسیاسی حلقوں کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
جس پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آئی جی پنجاب سے واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
دوسری جانب نیب نے میاں جاوید کی اپنی حراست میں وفات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ احتساب عدالت نے جاوید احمد کو اکتوبر 2018 میں ہی جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج دیا تھا۔
ترجمان نیب کے مطابق مرحوم میاں جاوید احمد کو نیب لاہور سے صحت مند حالت میں کیمپ جیل منتقل کیا گیا تھا اور جیل حکام نے ملزم کو تحویل میں لیتے وقت ان کی صحت کے حوالے سے باقاعدہ تصدیق دی تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کیمپ جیل حکام نے دل میں تکلیف کے باعث مرحوم کو سروسز اسپتال منتقل کیا تھا، جہاں ان کا انتقال ہوا، لہذا اس تاثر کی سختی سے تردید کی جاتی ہے کہ مرحوم نیب کی حراست کے دوران فوت ہوئے۔