جکارتہ (جیوڈیسک) انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں خوفناک سونامی سے ہلاک افراد کی تعداد 168 تک پہنچ گئی جب کہ 500 سے زائد زخمی ہیں۔
انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق سونامی آتش فشاں پھٹنے سے زیر آب لینڈ سلائیڈنگ کے سبب آیا جس سے پینڈگلنگ، سیرانگ اور جنوبی لمپنگ کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق سونامی کے باعث کئی گھر بہہ گئے، درخت زمین سے اکھڑ گئے اور سڑکیں زیر آب آگئیں۔
حکام نے تصدیق کی کہ ہلاک افراد کی تعداد 168 تک پہنچ گئی جب کہ 745 زخمی ہیں اور اب بھی گئی افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان سٹوپو پرواؤ کا کہنا ہے کہ سونامی سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی افراد لاپتہ ہیں، متاثرہ علاقوں میں مٹی تلے اب بھی کئی افراد کے موجود ہونے کا خدشہ ہے جہاں سونامی سے کئی میٹر گہرے گھڑے پڑ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر میں بھی انڈونیشیا زلزلے اور سونامی سے متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے اموات کی تعداد 1558 تک پہنچ گئی تھی۔