امریکی بحری بیڑہ خطرہ نہیں، ضرورت پڑی تو جوابی کارروائی کریں گے: ایران

Habibullah

Habibullah

لندن (جیوڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ خلیج میں پہنچنے والے امریکی جنگی بیڑے سے کوئی خطرہ نہیں تاہم اگرامریکا کی طرف سے کوئی دشمنانہ کارروائی کی گئی تو ایران اس کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔

خیال رہے کہ طیارہ بردار امریکی بحری بیڑہ ‘ یو ایس ایس جون سی سٹینٹیس’ جمعہ کے روزخلیجی پانیوں میں داخل ہوا تھا۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی بڑھنے کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب طیارہ بردار امریکی جنگی بیڑہ خلیج عرب میں داخل ہوا ہے۔

ایرانی نیول چیف حبیب اللہ سیاری نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کے اس جنگی جہاز کی ہمارے لیے کوئی اہمیت نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم امریکی جنگی بیڑے کو خلیجی میں علاقائی پانیوں کی طرف سے نہیں بڑھنے دیں گے۔

مسٹر سیاری کا کہنا تھا کہ امریکا کو ایران کے قریب سے عالمی پانیوں سے گذرنے کی اسی طرح اجازت ہے جس طرح امریکا میں بحر اوقیانوس سے ایرانی بحری جہازوں کے گذرنے پر کوئی پابندی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی خطرے کے پیش نظر جوابی کارروائی کے لیے تیار رہے گا۔

ایڈمرل حبیب اللہ سیاری نے کہا کہ امریکیوں میں اتنی ہمت اور طاقت نہیں کہ وہ ہمارے خلاف کوئی اقدام کریں۔ تاہم اگر امریکا کسی قسم کی جارحیت کا مرتکب ہوتا ہے توہم اس کی جوابی کارروائی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔