کابل (جیوڈیسک) افغانستان میں سرکاری عمارت پر دہشت گرد حملے کے نتیجے میں 43 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔
خبر کے مطابق، افغان دارالحکومت کابل میں سرکاری عمارت پر خود کش حملے کے باعث 43 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ حفاظتی دستوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تینوں حملہ آوروں کو مار ڈالا۔
بتایا گیا ہے کہ یہ سرکاری عمارت حساس علاقے میں قائم تھی۔
خود کش حملے میں زخمی ہونے افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ پہلے بارود سے بھری ایک گاڑی کو عمارت کے قریب دھماکے سے اڑایا گیا بعد ازاں، دہشت گردوں نے عمارت میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی۔
البتہ حملہ کس دہشت گرد گروہ نے کیا ہے یہ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم اس قسم کے حملے ماضی میں طالبان اور داعش کی جانب سے کیے جاچکے ہیں۔
افغان حکام کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمارت میں موجود 340 افراد کو بحفاظت محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا جبکہ ہلاکتوں اور زخمیوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خیال رہے کہ یہ دہشت گرد حملہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب طالبان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات جاری ہیں اور دونوں فریقین کی جانب سے مثبت تاثر سامنے آ رہا ہے۔