اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے کہا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل میں قید والد کے حوصلے بلند ہیں۔
تین روز قبل احتساب عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 7 سال قید اور ڈھائی کروڑ ڈالر جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
نواز شریف کی درخواست پر انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا۔
مریم نواز 5 ماہ سوشل میڈیا سے دور رہنے کے بعد کچھ روز قبل ہی دوبارہ سے سیاسی سرگرمیوں میں متحرک ہوئی ہیں اور انہوں نے نواز شریف کو سزا دیئے جانے کے بعد کئی ٹوئٹس بھی کیے تھے۔
مریم نواز نے ٹوئٹر پر لکھا کہ آج والد نواز شریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل گئی تھی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ماشا اللہ نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ والد سے پوچھا کہ گھر سے کچھ چاہیے، انہوں نے کہا کلثوم کی تصویر لا دیں۔